چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ یویوان تانتیان نے جمعرات کو بتایا کہ امریکی انتظامیہ نے چین سے 145 فیصد ٹیرف پر بات چیت کے لیے رابطہ کیا ہے جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ کے خلاف عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یویوان تانتیان نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے اپنے آفیشل ویبو سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شائع کردہ ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکہ نے متعدد چینلز کے ذریعے چین سے رابطہ کیا ہے اور ٹیرف کے مسئلے پر بات چیت کی خواہش ظاہر کی ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے بدھ کو کہا کہ جہاں تک میں جانتا ہوں، چین اور امریکہ کے درمیان محصولات کے بارے میں کوئی مشاورت یا مذاکرات نہیں ہوئے ہیں۔
امریکی میڈیا میں گزشتہ جمعہ کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ چین کے ساتھ ٹیرف معاہدے کے لیے بات چیت کر رہی ہے اور چین کے صدر شی جن پنگ نے ان سے رابطہ کیا تھا۔ تاہم بیجنگ نے گزشتہ ہفتے بار بار اس بات کو مسترد کیا اور واشنگٹن پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔


Comments
Comments are closed.