پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستانی اسٹارٹ اپس کی معاونت بڑھانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی آسان بنانے پر زور

  • ’’وزیراعظم کا پاکستانی کاروباری افراد کی استعداد کار بڑھانے، عالمی سرمایہ کاروں سے روابط اور اسٹارٹ اپس کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دلانے میں اینڈیور گروپ کا کردار مزید مؤثر بنانے پر زور‘‘
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اینڈیور گروپ پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستانی کاروباری افراد کی استعداد کار بڑھانے، بین الاقوامی سطح پر رہنمائی فراہم کرنے اور عالمی سرمایہ کاروں سے روابط استوار کرنے میں معاونت مزید مضبوط بنائے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق شہباز شریف نے منگل کے روز اینڈیور گروپ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں کاروبار شروع کرنے اور اسے وسعت دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں کاروباری سرگرمیوں کے آغاز اور فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری سوچ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے اہم محرکات ہیں اور حکومت ان شعبوں میں سرمایہ کاری اور سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان اشتراک کو فروغ دے رہی ہے۔

وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ اسلام آباد میں حال ہی میں ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) پارک کا افتتاح کیا گیا ہے، جہاں اسٹارٹ اپس کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان مؤثر اشتراک کے ذریعے آئی ٹی پارک کو جدید ٹیکنالوجی کے ایک مکمل نظام میں تبدیل کیا جائے گا۔

اینڈیور گروپ کے عالمی تجربے اور پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اس کی خدمات کو سراہتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی بہترین طریقہ ہائے کار اور کامیاب کاروباری اداروں کے تجربات پاکستانی اسٹارٹ اپس اور کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی دلانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے تنظیم پر زور دیا کہ وہ پاکستانی کاروباری افراد کی استعداد کار بڑھانے، انہیں عالمی سطح پر رہنمائی فراہم کرنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط استوار کرنے میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرے۔

وفد نے وزیراعظم کو اینڈیور گروپ اور پاکستان میں اس کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو دنیا بھر میں نمایاں اثرات مرتب کرنے والے کاروباری افراد کو پالیسی رہنمائی اور مشاورتی خدمات فراہم کرتی ہے۔

وفد نے بتایا کہ اینڈیور 2022ء سے پاکستان میں کام کر رہی ہے اور گزشتہ چار برسوں کے دوران جامع انتخابی عمل کے ذریعے آٹھ پاکستانی اسٹارٹ اپس کا انتخاب کرکے انہیں رہنمائی اور معاونت فراہم کر چکی ہے۔

اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔