نئے صوبوں کے قیام پر عوامی رائے جاننے کا آئینی طریقہ ریفرنڈم ہے، عطاء اللہ تارڑ
- وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ طرز حکمرانی اور صوبائی انتظامی ڈھانچے سے متعلق جاری بحث کو دبایا نہیں جانا چاہیے
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے منگل کے روز کہا ہے کہ عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم ایک آئینی اور قانونی طریقہ کار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انتظامی اصلاحات اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوام کی رائے لینے پر کسی سیاسی جماعت کو تحفظات نہیں ہونے چاہئیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ایک بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی فلاح تمام سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مقاصد ہیں، جبکہ عوام بھی مؤثر اور جوابدہ نظام حکمرانی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طرز حکمرانی اور صوبائی انتظامی ڈھانچے سے متعلق جاری بحث کو دبایا نہیں جانا چاہیے، کیونکہ شہریوں کو اپنی فلاح اور ملک کے انتظامی ڈھانچے سے متعلق معاملات پر رائے دینے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا، ’’اصل سوال یہ ہے کہ اس معاملے پر عوام سے رجوع کرنے میں کیا مسئلہ ہے؟‘‘ ان کا کہنا تھا کہ عوام کیا چاہتے ہیں، اس کا فیصلہ سیاسی رہنماؤں کے بجائے خود عوام کو کرنا چاہیے۔
تارڑ نے کہا کہ ملک میں کئی دہائیوں سے یکے بعد دیگرے حکومتیں قائم رہی ہیں، اس لیے سیاسی فریقوں کے لیے موجودہ نظام کی خامیوں سے خود کو بری الذمہ قرار دینا مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتساب سے بچنے کے لیے سیاست کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنا قانون اور عوام دونوں کے نزدیک ناقابل قبول ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) پر تنقید کے حوالے سے انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ادارے میں اصلاحات وہ لوگ بھی متعارف کرا چکے ہیں جو آج اس کی خامیوں کا ذمہ دار اسے ٹھہرا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے حکومتی عہدوں اور مراعات سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ بیک وقت خود کو اپوزیشن کے طور پر پیش کرنے کے طرز عمل کو بھی متضاد قرار دیا۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو سیاسی تنازع بنانے کے بجائے تعمیری انداز میں زیر غور لانا چاہیے۔
انہوں نے کہا، ’’اگر پاکستان اور سندھ کے عوام مزید صوبے چاہتے ہیں تو انہیں قائم کیا جانا چاہیے، بصورت دیگر ایسا نہیں ہونا چاہیے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے اپنا اختیار عوام سے حاصل کرتے ہیں، اس لیے انہیں عوام کی خواہشات کا احترام کرنا چاہیے۔
تارڑ نے کہا کہ ماضی میں ریفرنڈم کے غلط استعمال کو جواز بنا کر شہریوں کو اپنی رائے کے اظہار کے آئینی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق کوئی فرد سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی رائے معلوم کیے بغیر ان پر اپنا ذاتی ایجنڈا مسلط نہیں کر سکتا۔
انہوں نے اتحادی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ مل بیٹھ کر عوامی رائے کی بنیاد پر قومی مفاد میں فیصلہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر پارلیمان کے اندر اور باہر بحث جاری رہنی چاہیے اور تمام متعلقہ فریقوں کو اس میں حصہ لینے کا موقع دیا جانا چاہیے۔
وزیر اطلاعات نے صحافیوں کے حقوق کے بہتر تحفظ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں کام کر رہی ہے اور اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے استحصال کے رپورٹ ہونے والے واقعات کا نوٹس لے اور ان کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے۔
انہوں نے زور دیا کہ جاری بحث سے یہ تاثر نہیں ملنا چاہیے کہ عوامی رائے کو محدود کیا جا رہا ہے، بلکہ اس معاملے میں عوام کے مفادات اور خواہشات کو مرکزی حیثیت حاصل رہنی چاہیے۔