وفاقی چیمبر کے سابق نائب صدر اور پاکستان شپ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین طارق حلیم نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو تاجروصنعتکاروں کے مسائل مؤثر انداز میں اجاگر کرنے، انہیں حکومتی سطح پر حل کرانے کیلئے کوششیں کرنے اور ملک بھر میں کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ ایس ایم تنویر کی قیادت میں ایف پی سی سی آئی کاروباری برادری کی مضبوط اور مؤثر نمائندہ آواز بن کر ابھرے گی اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے آئندہ 2027-28 کے انتخابات میں ایف پی سی سی آئی کی صدارت کے لیے یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے امیدوار ایس ایم تنویر کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔
طارق حلیم نے کہا کہ ایس ایم تنویر کا ایف پی سی سی آئی کا صدر منتخب ہونا نہ صرف فیڈریشن کے وقار اور ساکھ میں اضافہ کرے گا بلکہ ان کی جانب سے شامل کی جانے والی پیشہ ورانہ اور متحرک معاشی ٹیم کے ذریعے ادارے کی مجموعی کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ ٹیم کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران ایس ایم تنویر نے ملک بھر کے چیمبرز، تجارتی و صنعتی انجمنوں کے دورے کیے اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل سے براہِ راست آگاہی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ تنویر نے ان مسائل کو حکومتی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے عملی حل تلاش کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کیں جو کاروباری برادری کے ایک فعال اور متحرک رہنما کی حیثیت سے ان کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کے حوالے سے ایس ایم تنویر کی کوششیں خصوصی طور پر قابلِ ذکر ہیں کیونکہ ان اقدامات سے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور خزانے پر مالی بوجھ میں کسی حد تک ریلیف کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملی ہے۔
ان کوششوں کے نتیجے میں صنعتی اور تجارتی شعبوں کو درپیش توانائی کے مسائل بھی قومی سطح پر اجاگر ہوئے ہیں۔
طارق حلیم نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کا صدر منتخب ہونے کے بعد عملدرآمد کیلئے ایس ایم تنویر کی جانب سے تیار کیا گیا 100 روزہ ایکشن پلان ایک مثبت اور قابلِ عمل اقدام ہے، اس منصوبے پر کامیاب عملدرآمد کیلئے پاکستان کی پوری کاروباری برادری ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
انہوں نے نوجوان کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ایس ایم تنویر کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کے کاروباری اور صنعتی شعبوں کا مستقبل ہے۔
مخالف گروپ کی جانب سے ایس ایم تنویر کے کراچی سے تعلق کے حوالے سے کیے جانے والے دعوؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے طارق حلیم نے کہا کہ شہر کے ساتھ ان کے تعلق پر سوالات اٹھانے کی کوششیں محض منفی پروپیگنڈا ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ایس ایم تنویر نے پاکستان کی کاروباری برادری کے سامنے کراچی چیمبر اور آرٹس کونسل کے اپنے ممبرشپ کارڈز پیش کیے تو یہ دعوے اپنی ساکھ کھو بیٹھے۔
انہوں نے مزید نشاندہی کی کہ ایس ایم تنویر کی ان اداروں کی رکنیت، کراچی میں ان کے کاروباری ہیڈ آفس کا قیام اور شہر میں ان کی اپنی اور ان کے والد کی رہائش گاہ کی موجودگی اس شہر کے ساتھ ان کے مضبوط تعلق کو واضح کرتی ہے۔
ان کے بقول، یہ دستاویزات ثابت کرتی ہیں کہ ایس ایم تنویر کے سی سی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے کے اہل تھے اور اسی طرح ایف پی سی سی آئی کی صدارت کے لیے بھی موزوں اور مستحق امیدوار ہیں۔
طارق حلیم نے زور دیا کہ پاکستان کی کاروباری برادری کو ایف پی سی سی آئی کی قیادت کے لیے ایس ایم تنویر جیسے جرات مند، بے خوف، متحرک اور دور اندیش رہنما کی ضرورت ہے۔