سوڈان کے مغربی کردفان علاقے کے ایک گاؤں پر فوج کے ڈرون حملے میں فٹ بال کھیلنے والے چار بچوں سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک عینی شاہد نے پیر کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے میں اس کے نو رشتہ دار بھی جاں بحق ہوئے۔

ابو قلب گاؤں کے رہائشی عینی شاہد نے سیکیورٹی خدشات کے باعث نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملے میں 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں دو ایسے بچے بھی شامل تھے جن کے والد پہلے ہی جنگ کے دوران ہلاک ہوچکے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں اس کے اپنے نو رشتہ دار شامل ہیں۔

مقامی حقوق کی تنظیم کردفان آبزرویٹری نے بھی ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کو ہونے والے دو مرحلوں پر مشتمل ڈرون حملے میں متعدد دیگر افراد زخمی ہوئے جبکہ کئی مکانات بھی جل کر تباہ ہوگئے۔