پاکستان کی بڑی ٹیکسٹائل کمپنیوں میں سے ایک گل احمد ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مجموعی طور پر 15.75 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل دو ونڈ ٹربائنز کی خریداری کیلئے لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
کمپنی نے پیر کو اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
یہ منظوری 14 نومبر 2026 کو سرکولیشن کے ذریعے منظور کی گئی قرارداد کے تحت دی گئی۔
ایل او آئی کے تحت کمپنی، ونڈٹیک (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے منگ یانگ رینیوایبل انرجی (انٹرنیشنل) کمپنی لمیٹڈ سے 7.875 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل دو ونڈ ٹربائنز خریدے گی جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 15.75 میگاواٹ ہوگی۔
گل احمد ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ ایک مربوط ٹیکسٹائل مل ہے جو ٹیکسٹائل مصنوعات کی تیاری اور فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں مضبوط موجودگی کے علاوہ کمپنی نے ریٹیل کے کاروبار میں بھی نمایاں مقام حاصل کر رکھا ہے۔
کمپنی نے ریٹیل کاروبار کا آغاز کراچی سے کیا تھا، جو اب ملک بھر میں 40 سے زائد اسٹورز تک پھیل چکا ہے۔ ان اسٹورز پر فیشن اور ملبوسات سے لے کر گھریلو استعمال کی اشیا تک مختلف مصنوعات فروخت کی جاتی ہیں۔