کاروبار اور معیشت

حبکو کا ذیلی ادارہ 3 لاکھ ٹن سالانہ ایلومینیم اسمیلٹر منصوبے کا جائزہ لے گا

  • فزیبلٹی اسٹڈی چین کے ایک معروف ڈیزائننگ ادارے کے ذریعے تیار کرائی جائے گی
شائع اپ ڈیٹ

حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ (ایچ پی ایچ ایل) جو حب پاور کمپنی لمیٹڈ (حبکو) کا مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ ہے نے سالانہ 3 لاکھ ٹن پیداواری صلاحیت کے مجوزہ ایلومینیم اسمیلٹر منصوبے کیلئے بینکاری معیار کے مطابق فزیبلٹی اسٹڈی (بی ایف ایس) کرانے پر اتفاق کیا ہے۔

کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائی گئی اطلاع میں اس پیشرفت کا انکشاف کیا۔

حبکو کے مطابق یہ فزیبلٹی اسٹڈی چین کے ایک معروف ڈیزائننگ ادارے کے ذریعے تیار کرائی جائے گی جو اس حوالے سے متعلقہ رپورٹ بھی مرتب کرے گا۔

نوٹس کے مطابق فزیبلٹی اسٹڈی کے ذریعے مجوزہ منصوبے کی تکنیکی، تجارتی اور مالیاتی موزونیت کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ اس کے نتائج منصوبے کی ترقی اور مالی معاونت سے متعلق آئندہ فیصلوں کی بنیاد بنیں گے۔

حبکو نے کہا کہ یہ اقدام پائیدار ترقی اور کاروباری تنوع کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی اس کی وسیع تر حکمت عملی سے مطابقت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ پاکستان کی صنعتی ترقی میں معاونت اور تمام متعلقہ فریقوں کے لیے طویل مدتی قدر پیدا کرنے کے عزم کا بھی حصہ ہے۔

کمپنی کے مطابق مجوزہ منصوبے پر عملدرآمد فزیبلٹی اسٹڈی کے نتائج، ضروری کارپوریٹ و ریگولیٹری منظوریوں اور مالی وسائل کے انتظام سے مشروط ہوگا۔

حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ (ایچ پی ایچ ایل) کا بنیادی کردار مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔ کمپنی نے گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد سرمایہ کاریاں کی ہیں اور مختلف مشترکہ منصوبوں میں بھی شراکت داری کی ہے۔

کمپنی نے چائنا پاور حب جنریشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور تھل نووا پاور تھر (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں سرمایہ کاری کررکھی ہے۔

ایچ پی ایچ ایل نے ای این آئی کے مقامی ملازمین کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے تحت پرائم انٹرنیشنل آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ قائم کی۔

اس کے علاوہ کمپنی نے پاکستان میں معدنی کانوں کی تلاش اور ترقی کے لیے آرک میٹلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ بھی مشترکہ منصوبے کا معاہدہ کیا ہے۔