کھیل

میسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد پہلے میچ میں ارجنٹینا کو یوراگوئے کے ہاتھوں شکست

  • میسی نے گزشتہ ماہ بینن کے خلاف ایک جذباتی الوداعی دوستانہ میچ میں کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا کی جانب سے اپنا آخری میچ کھیلا تھا
شائع اپ ڈیٹ

ارجنٹینا کو جمعہ کے روز یوراگوئے کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لیونل میسی کی بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد یہ ارجنٹینا کا پہلا میچ تھا۔

دوسرے ہاف میں ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی لیونارڈو بالیرڈی کے اون گول اور اس کے بعد یوراگوئے کے مڈفیلڈر میکسی آراوخو کے ایک غیر متوقع گول نے 2026 کے ورلڈ کپ کے رنر اَپ ارجنٹینا کی شکست یقینی بنا دی۔

ایٹلیٹکو میڈرڈ کے اسٹرائیکر جولین الواریز نے 73ویں منٹ میں گول کرکے ارجنٹینا کی میچ میں واپسی کی امید پیدا کی، تاہم یوراگوئے نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے نئے منیجر ڈیاگو فورلان کی قیادت میں تیسری فتح حاصل کرلی۔

میسی نے گزشتہ ماہ بینن کے خلاف ایک جذباتی الوداعی دوستانہ میچ میں کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا کی جانب سے اپنا آخری میچ کھیلا تھا۔ اس طرح انہوں نے اپنے شاندار بین الاقوامی کیریئر کا اختتام کیا جس کے دوران انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 207 میچز کھیلے اور 125 گول اسکور کیے۔

39 سالہ عظیم کھلاڑی کی عدم موجودگی میں ارجنٹینا کو جمعہ کے دوستانہ میچ کے بیشتر حصے میں مضبوط دفاعی حکمتِ عملی اپنانے والی یوراگوئے کی ٹیم کے خلاف گول کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

نیکو پاز کو پہلے ہاف میں ارجنٹینا کی جانب سے گول کرنے کا بہترین موقع ملا، تاہم ان کے شاٹ کو یوراگوئے کے گول کیپر کرسٹوفر فیئرمیرین نے عمدگی سے روک لیا۔

یوراگوئے نے دوسرے ہاف کے آغاز کے کچھ ہی دیر بعد برتری حاصل کرلی، جب بائیں جانب سے جیورجیان ڈی آراسکائیتا کی فری کک نے ارجنٹینا کے دفاع میں افراتفری مچا دی۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے دفاعی کھلاڑی لیسانڈرو مارٹینیز نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو کلیئر کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کا شاٹ ساتھی کھلاڑی بالیرڈی سے ٹکرا کر الٹا جال میں جا پہنچا۔

اس کے بعد ڈی آراسکائیتا نے 53ویں منٹ میں یوراگوئے کے دوسرے گول میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی کارنر کک بظاہر آراوخو کے کندھے سے ٹکرائی اور بلند ہوتی ہوئی جال میں جا گری۔

الواریز نے ہاف کے وسط میں ایک گول کرکے ارجنٹینا کا خسارہ کم کیا۔ انہیں انجری ٹائم میں ایک اور اچھا موقع بھی ملا، تاہم یوراگوئے نے برتری برقرار رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی۔