اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا
- عدالت نے قانونی تقاضوں سے متعلق تحفظات کے باعث 20 دسمبر کو ہونے والے انتخابات ایک بار پھر روک دیے ہیں
اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کا نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے، جس کے باعث 20 دسمبر کو ہونے والے انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہوگئے ہیں۔ آج نیوز کے مطابق عدالت نے یہ حکم قانونی تقاضوں سے متعلق تحفظات کے پیش نظر جاری کیا۔
شہری امجد علی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس عمر مجید ملک نے جمعہ کو حکمِ امتناع جاری کیا۔ درخواست میں قانونی تقاضے پورے نہ ہونے کے خدشات کے باعث بلدیاتی انتخابات روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔
عدالت نے انتخابی شیڈول معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ فریقوں کو نوٹس جاری کردیے اور ان سے 26 نومبر تک تفصیلی جوابات طلب کرلیے۔
عدالت کے تحریری حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے انتخابی شیڈول معطل کرنے کی استدعا منظور کرلی گئی ہے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی نے مؤقف اختیار کیا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے، تاہم موجودہ انتخابی عمل میں قانونی تقاضوں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔
عدالتی حکم کے تحت الیکشن کمیشن کی جانب سے 21 اکتوبر کو جاری کردہ انتخابی شیڈول 26 نومبر تک معطل رہے گا۔ توقع ہے کہ فریقین کے جوابات جمع ہونے کے بعد اسی روز معاملے کی دوبارہ سماعت ہوگی۔
اسلام آباد میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے، جبکہ منتخب بلدیاتی حکومت کی آئینی مدت فروری 2021 میں ختم ہوگئی تھی۔
اس کے بعد سے بلدیاتی قوانین میں بار بار ترامیم، یونین کونسلوں کی تعداد میں تبدیلی اور انتخابی شیڈول کے اعلان میں تاخیر کے باعث وفاقی دارالحکومت کے شہری تقریباً پانچ سال سے منتخب مقامی نمائندوں سے محروم ہیں۔
22 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول دوبارہ جاری کیا تھا، جس کے تحت پولنگ کے لیے 20 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ اس ہدایت کے تحت الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ کو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے مطابق فوری طور پر انتخابی پروگرام جاری کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
انتخابی شیڈول کا دوبارہ اعلان متعدد مرتبہ انتخابات ملتوی ہونے اور قانون سازی میں تبدیلیوں کے بعد کیا گیا تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نئی قانون سازی نہ ہونے کے باعث انتخابات موجودہ قوانین کے تحت ہی منعقد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں بار بار تاخیر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابی تیاریوں اور حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد قوانین میں ترامیم کے باعث سابقہ حلقہ بندیاں بے نتیجہ ہوگئیں۔
انتخابی شیڈول کا یہ اعلان اس سے قبل 15 فروری 2026 کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لیے جانے کے بعد کیا گیا تھا۔ یہ انتخابات صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بلدیاتی حکومتوں کے ڈھانچے میں تبدیلی کے باعث ملتوی کردیے گئے تھے۔