رائے

پاکستان کی سیاسی معیشت: مراعات یافتہ طبقے کی قیمت

  • پاکستان کا بنیادی چیلنج وسائل، کاروباری صلاحیت یا معاشی امکانات کی کمی نہیں، بلکہ ایسا نظام ہے جس میں نجی مراعات کا تحفظ کیا جاتا ہے، جبکہ ان کی قیمت پورا معاشرہ ادا کرتا ہے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اپنی تاریخ کے بیشتر حصے میں سالانہ 5 فیصد سے کچھ زیادہ کی شرح سے ترقی کرتا رہا ہے، لیکن اب یہ کارکردگی محض ایک یاد بن کر رہ گئی ہے۔ گزشتہ چار برسوں کے دوران معاشی ترقی کی اوسط شرح بمشکل 2.3 فیصد رہی ہے۔ دوسری جانب آبادی میں سالانہ تقریباً 2.5 فیصد کی رفتار سے اضافہ جاری ہے، جس کے باعث فی کس آمدنی میں بھی کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔

سرمایہ کاری مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 14 فیصد پر جمود کا شکار ہے، جبکہ برآمدات کا حجم سکڑ کر مجموعی قومی پیداوار کے 9 فیصد سے بھی کم رہ گیا ہے، جو گزشتہ ایک دہائی کی کم ترین سطح اور 1990ء کی دہائی کے مقابلے میں تقریباً نصف ہے۔

اصل خطرہ صرف سست رفتار معاشی ترقی نہیں بلکہ یہ ہے کہ 4 فیصد سے کم شرح نمو اب معیشت کا مستقل رجحان بنتی جا رہی ہے، حالانکہ تیزی سے بڑھتی ہوئی افرادی قوت کے لیے پیداواری روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کا معیار زندگی نمایاں طور پر بہتر بنانے کے لیے اس سے کہیں زیادہ شرح نمو درکار ہے۔ سوال یہ ہے کہ ایسی بنیادی معاشی صلاحیتوں کے باوجود پاکستان کی معیشت آگے بڑھنے میں ناکام کیوں ہے؟

پاکستان ایسا ملک نہیں جس میں معاشی امکانات کی کمی ہو۔ یہاں 17 کروڑ سے زائد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے۔ نوجوانوں کی یہ بڑی تعداد اشیائے صرف کے لیے ایک وسیع منڈی اور ایسی افرادی قوت فراہم کر سکتی ہے جسے پیداواری سرگرمیوں میں مؤثر طور پر استعمال کیا جا سکے۔ یہی وہ صلاحیت ہے جسے عام طور پر ’’آبادیاتی ثمرات‘‘ (ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ) کہا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان دنیا کے سب سے بڑے مسلسل آبپاشی کے نظاموں میں سے ایک، وسیع تر سڑکوں کے نیٹ ورک اور تیزی سے پھیلتے موبائل فون اور انٹرنیٹ رابطوں کا حامل ہے۔ یہ تمام سہولتیں افرادی قوت کی نقل و حرکت اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے ساتھ معیشت کو پائیدار اور بلند شرح نمو کی راہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اتنے وسائل رکھنے والا ملک اپنی صلاحیتوں کو خوشحالی میں تبدیل کرنے میں مسلسل ناکام کیوں رہا ہے؟ اس کا جواب معاشی مواقع کی عدم دستیابی سے زیادہ ان سیاسی اور ادارہ جاتی انتظامات میں پوشیدہ ہے جو ان مواقع اور وسائل کی تقسیم کو کنٹرول کرتے ہیں۔ پاکستان کا بنیادی مسئلہ ایسا نظام ہے جو معاشی قدر پیدا کرنے کے بجائے معاشی فوائد اور مراعات پر قبضہ جمانے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

سیاسی اثر و رسوخ، انتظامی صوابدید اور ریاست تک خصوصی رسائی اکثر کارکردگی، جدت اور کاروباری صلاحیت سے زیادہ اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔ بڑے زمینداروں، بااثر صنعتی گروپوں، جائیدادوں کے کاروبار سے وابستہ سرمایہ کاروں، بیوروکریٹس اور دیگر منظم مفاداتی گروہوں نے عوامی پالیسی سازی پر غیر متناسب اثر و رسوخ حاصل کر رکھا ہے۔ یہ گروہ اپنے مفادات اور برتری کو برقرار رکھنے اور مزید مستحکم کرنے کے لیے ٹیکسوں، ضوابط، سبسڈی، سرکاری اخراجات اور معاشی مواقع تک رسائی سے متعلق پالیسیوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

نتیجتاً، پیداواری سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کے مقابلے میں حکومتی سرپرستی اور مراعات کا حصول زیادہ منافع بخش اور یقینی ثابت ہوتا ہے۔ بلند درآمدی محصولات اور ضابطہ جاتی رکاوٹوں کے ذریعے تحفظ یافتہ صنعتیں عالمی منڈی میں مسابقتی بنے بغیر بھی منافع کما سکتی ہیں۔ رعایتی مالی اعانت، ٹیکسوں میں ترجیحی سہولتیں اور ضوابط پر منتخب انداز میں عمل درآمد ان افراد اور اداروں کو فائدہ پہنچاتا ہے جنہیں فیصلہ سازوں تک رسائی حاصل ہے۔

اس نظام کی قیمت صارفین کو بلند قیمتوں، ٹیکس دہندگان کو سبسڈی اور ٹیکس چھوٹ جبکہ مجموعی معیشت کو محدود مسابقت اور کم پیداواری صلاحیت کی صورت میں ادا کرنا پڑتی ہے۔ معیشت میں جدت کے بجائے پہلے سے قائم کاروباری مفادات کو تحفظ ملتا ہے، جس سے وہ تخلیقی عمل رک جاتا ہے جو پائیدار معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور جس کے نتیجے میں غیر مؤثر کاروبار کی جگہ زیادہ مؤثر کاروبار لے سکتے ہیں۔

رئیل اسٹیٹ کا شعبہ اس بگاڑ کی واضح مثال ہے۔ ٹیکسوں میں ترجیحی رعایتوں، جائیدادوں کی کم قیمت ظاہر کیے جانے، قوانین پر کمزور عمل درآمد، زمین کے استعمال میں صوابدیدی تبدیلیوں اور ایسے سرکاری ترقیاتی منصوبوں نے، جن سے نجی زمینوں کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے، جائیدادوں میں قیاس آرائی پر مبنی سرمایہ کاری کو غیر معمولی طور پر پرکشش بنا دیا ہے۔ اس طرح پیداواری اثاثے، تکنیکی صلاحیتیں یا روزگار پیدا کرنے کے بجائے زمین کی قیمتوں میں اضافے سے دولت جمع کرنا ممکن ہو گیا ہے۔

مسئلہ رہائشی مکانات یا تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری نہیں، کیونکہ یہ دونوں معاشی سرگرمیوں کو نمایاں فروغ دے سکتے ہیں۔ اصل مسئلہ ایسا نظام ہے جو زمین کو محض قیاس آرائی کے لیے اپنے پاس رکھنے اور عوامی سرمایہ کاری سے پیدا ہونے والی زمین کی قدر میں اضافے کے فوائد سمیٹنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، جبکہ پیداواری کاروبار کو ضابطہ جاتی غیر یقینی اور بھاری ٹیکسوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مراعات پر مبنی اس نظام نے بتدریج معیشت کی نگرانی اور انتظام کے ذمہ دار اداروں کو بھی کمزور کر دیا ہے۔ اصلاحات پر عمل درآمد کی توقع جن مشینری اور اداروں سے کی جاتی ہے، وہ خود اندر سے کھوکھلے ہو چکے ہیں۔

سرکاری شعبے میں تقرریاں، ترقیاں اور تبادلے اکثر اہلیت اور کارکردگی کے بجائے سیاسی مفادات سے متاثر ہوتے ہیں۔ انتظامی صوابدید کا دائرہ وسیع ہوا ہے، جبکہ نتائج کے حوالے سے جواب دہی کمزور پڑ گئی ہے۔ قوانین پر منتخب انداز میں عمل درآمد ہوتا ہے اور ضابطہ جاتی ادارے اکثر معاشی سرگرمیوں کو سہولت دینے کے بجائے ان پر قدغنیں لگانے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔

بدعنوانی ایک وسیع تر سیاسی و معاشی نظام کا حصہ بن چکی ہے، جہاں سرکاری اختیارات کو من پسند افراد پر نوازشات کرنے، ناجائز معاشی فوائد حاصل کرنے اور مخصوص مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اسے مزید نقصان دہ بنانے والی بات یہ ہے کہ بدعنوانی منتشر اور ہر جگہ موجود ہے، جہاں متعدد الگ الگ اہلکار اور بااثر افراد اپنے اپنے حصے کا فائدہ وصول کرتے ہیں۔ کسی ایک کو رقم دینے سے بھی معاملات میں یقین دہانی حاصل نہیں ہوتی، جس کے باعث ایسی بدعنوانی پر قابو پانا یا اسے ختم کرنا کہیں زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔

اس کے نتیجے میں ریاست بیک وقت حد سے زیادہ مداخلت کرنے والی بھی ہے اور غیر مؤثر بھی۔ وہ کاروبار میں رکاوٹیں ڈالنے اور شہریوں کو ضوابط کے بوجھ تلے دبانے کی طاقت تو رکھتی ہے، لیکن معاہدوں پر یکساں عمل درآمد، املاک کے حقوق کا غیر جانب دارانہ تحفظ اور قابل اعتماد عوامی خدمات کی فراہمی میں کمزور ہے۔

یہ تضاد پاکستان کے سرکاری مالیاتی نظام میں سب سے زیادہ نمایاں ہے۔ ریاست بار بار انہی ٹیکس دہندگان سے مزید محصولات وصول کرنے کی کوشش کرتی ہے جو پہلے ہی ٹیکس نیٹ میں شامل ہیں، جبکہ سیاسی طور پر بااثر اور انتظامی طور پر جن کی آمدنی پر ٹیکس عائد کرنا مشکل ہے، ایسی سرگرمیاں مناسب ٹیکسوں سے محروم رہتی ہیں۔ باقاعدہ کاروبار، تنخواہ دار طبقہ اور ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والے افراد غیر متناسب دباؤ برداشت کرتے ہیں، جبکہ آمدنی اور دولت کا ایک بڑا حصہ مؤثر ٹیکس نظام سے باہر رہتا ہے۔

ترجیحی ٹیکس سہولتوں کا حجم اس صورت حال کی وضاحت کرتا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس اخراجات سے متعلق 2026ء کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025ء میں وفاقی سطح پر ٹیکسوں میں چھوٹ اور ترجیحی سہولتوں کی مالیت 2.35 کھرب روپے رہی، جو مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 2.1 فیصد اور ایف بی آر کی مجموعی ٹیکس وصولیوں کے پانچویں حصے کے برابر ہے۔ ان تمام رعایتوں کو بلاجواز قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم ان کا حجم اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ ہر رعایت کا سخت اور شفاف عوامی جائزہ لیا جائے۔

تاہم، مالیاتی مسئلہ صرف محصولات جمع کرنے میں ناکامی تک محدود نہیں۔ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے ایسا انتظامی اور ادارہ جاتی ڈھانچہ قائم کر دیا ہے جس پر اٹھنے والے اخراجات کا فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار سے کوئی خاص تناسب نہیں۔

وزارتیں، محکمے، ان کے ماتحت ادارے، ضابطہ جاتی اتھارٹیز اور سرکاری ادارے اکثر ایک دوسرے کے دائرہ کار سے متصادم ذمہ داریوں، کارکردگی کے کمزور محرکات اور ناکافی جواب دہی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

یہ نظام تنخواہوں، الاؤنسز، سرکاری رہائش گاہوں، گاڑیوں، پنشن اور دیگر مراعات پر مشتمل ایک وسیع ڈھانچے کو برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ اس بات کا شاذ ہی جائزہ لیا جاتا ہے کہ عوام کو ان اخراجات کے متناسب فائدہ بھی حاصل ہو رہا ہے یا نہیں۔

دوسری جانب قرضوں پر سود اور اصل رقم کی ادائیگی کے اخراجات سرکاری وسائل کا بہت بڑا حصہ نگل رہے ہیں، جبکہ مالی مشکلات سے دوچار سرکاری ادارے قومی خزانے پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں۔

ان تمام عوامل کے باعث انسانی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور موجودہ سرکاری اثاثوں کی دیکھ بھال کے لیے وسائل محدود رہ جاتے ہیں۔ پاکستان نے ایسی ریاستی مشینری تشکیل دے دی ہے جو شہریوں کی ضروری خدمات کی فراہمی کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا شکار ہے، لیکن اس کے باوجود اس ادارہ جاتی ڈھانچے اور مراعات کا تحفظ جاری رکھے ہوئے ہے جنہیں برقرار رکھنے کی معیشت اب متحمل نہیں ہو سکتی۔

بیرونی مالی معاونت پر پاکستان کا بار بار انحصار بھی اسی بنیادی ناکامی کا عکاس ہے۔ آئی ایم ایف کے پروگراموں، دوطرفہ مالی معاونت اور قرضوں کی ادائیگی میں توسیع نے بارہا بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ سے عارضی ریلیف فراہم کیا ہے، لیکن معاشی استحکام کے اقدامات اکثر بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا متبادل بن کر رہ گئے ہیں۔

ہر بحران کے بعد ٹیکسوں میں اضافے اور انتظامی اقدامات کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، جبکہ مالیاتی عدم توازن پیدا کرنے والے سیاسی انتظامات بڑی حد تک برقرار رہتے ہیں۔ یوں فوری بحران تو کسی نہ کسی طرح سنبھال لیا جاتا ہے، لیکن اس کی بنیادی وجوہات جوں کی توں رہتی ہیں۔

اس طرز عمل نے نجی سرمایہ کاری پر بھی بھاری بوجھ ڈالا ہے۔ حکومت کی جانب سے قرض لینے کے باعث مالی وسائل کے حصول میں نجی شعبے کو مسابقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، غیر یقینی صورت حال طویل مدتی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرتی ہے اور کاروباری اداروں کو ایسے ماحول میں کام کرنا پڑتا ہے جہاں تجارتی مسابقت کے بجائے پالیسی سازوں تک رسائی اور خصوصی مراعات زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔

بجلی کا شعبہ اس حوالے سے خاص طور پر نقصان دہ مثال ہے۔ تقسیم کار کمپنیوں کی ناقص کارکردگی، بجلی چوری، بلوں کی کم وصولی، معاہدوں کے تحت بجلی کی پیداواری صلاحیت کے مقررہ واجبات اور انتظامی ناکامیوں نے بجلی کی بلند قیمتوں اور مسلسل مالیاتی عدم توازن کو جنم دیا ہے۔

یکے بعد دیگرے ٹیرف میں اضافے کے ذریعے ان ناکامیوں کے اخراجات ان صارفین سے وصول کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں۔ تاہم، پابندی سے بل ادا کرنے والے گھریلو صارفین اور کاروباری اداروں پر مسلسل ٹیرف بڑھانے سے نظام کے اخراجات کم کرنے، وصولیوں کو بہتر بنانے، جواب دہی یقینی بنانے اور ناقص کارکردگی والے اداروں کی تنظیم نو کی ضرورت پوری نہیں ہو سکتی۔

دوسری جانب سرکاری تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور نکاسی و صفائی کی سہولتوں کا معیار گرتا گیا ہے، جبکہ صاحب استطاعت طبقے نے ان سرکاری خدمات سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے نجی اسکولوں، اسپتالوں، جنریٹرز اور بوتل بند پانی کا سہارا لے لیا ہے۔

اس عمل کے نتیجے میں ان طبقات کی سرکاری خدمات کو بہتر بنانے میں ذاتی دلچسپی بھی ختم ہو گئی ہے، جس سے ان بااثر آوازوں کی تعداد کم ہو گئی ہے جو بہتر عوامی سہولتوں کا مطالبہ کر سکتی تھیں۔ اس طرح سرکاری خدمات کی بہتری کے لیے سیاسی دباؤ ڈالنے والا حلقہ کمزور پڑ گیا ہے۔ بااثر گروہ ادارہ جاتی ناکامیوں کے اثرات سے خود کو محفوظ رکھنے میں کامیاب رہتے ہیں، جبکہ غریب گھرانے ان ناکامیوں کی پوری قیمت ادا کرتے ہیں۔

تعلیم کا شعبہ شاید پاکستان کی غلط ترجیحات کا سب سے واضح ثبوت ہے، کیونکہ صرف اسکولوں میں داخلہ حاصل کر لینا سیکھنے کی ضمانت نہیں۔ اسکول جانے والے بہت سے بچے بنیادی خواندگی اور حساب کتاب کی صلاحیتیں بھی حاصل نہیں کر پاتے۔ تدریس کے ناقص معیار، ناکافی نگرانی، اساتذہ کی غیر حاضری اور کمزور جواب دہی نے غربت اور سہولتوں کی کمی کے اثرات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کا شعبہ بھی اسی نوعیت کی خامیوں کا شکار ہے۔ بیشتر ادارے فرسودہ اور ناقص تربیتی پروگرام چلا رہے ہیں، جن میں ایسی مہارتیں سکھائی جاتی ہیں جن کی منڈی میں طلب نہیں۔ نتیجتاً فارغ التحصیل نوجوان روزگار کے قابل مہارتوں سے محروم رہتے ہیں، جبکہ کاروباری اداروں کو بھی ہنرمند کارکن دستیاب نہیں ہوتے۔ یہ صورت حال ایسے وقت میں ہے جب نوجوانوں کی بڑی تعداد پیداواری روزگار کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

یہ ناکامیاں ملک کے تمام علاقوں میں یکساں نہیں۔ معاشی مواقع، بنیادی ڈھانچے، عوامی خدمات اور فیصلہ سازی تک رسائی میں فرق نے علاقائی عدم مساوات اور محرومی کے احساسات کو مزید گہرا کیا ہے۔

ملک کے بعض حصوں میں ریاست کا کردار اس کی ترقیاتی ذمہ داریوں کے بجائے زیادہ تر اس کے جبر اور ضابطہ جاتی اختیارات کے ذریعے محسوس کیا جاتا ہے۔

محرومی کے ان احساسات کو محض سیاسی اشتعال انگیزی کا نتیجہ قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ وفاق کے اندر طاقت، وسائل اور مواقع کی تقسیم سے متعلق گہرے سوالات کی عکاسی کرتے ہیں۔

آئینی دفعات اور مالی وسائل کی منتقلی کے ذریعے کسی وفاق کو غیر معینہ مدت تک برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ اس کا استحکام اس بات پر بھی منحصر ہے کہ اس کی تمام اکائیوں کے شہریوں کو یقین ہو کہ ان کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جا رہا ہے، انہیں بامعنی سیاسی نمائندگی حاصل ہے اور اپنی زندگی بہتر بنانے کے لیے انہیں حقیقی مواقع میسر ہیں۔

جہاں یہ شرائط موجود نہ ہوں، وہاں معاشی محرومیاں سیاسی اور نسلی رنگ اختیار کر سکتی ہیں، جس سے ریاست پر اعتماد کمزور اور قومی یکجہتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

نوجوانوں میں اعتماد کا خاتمہ خاص طور پر تشویش ناک ہے۔ اصولی طور پر ابھرتا ہوا متوسط طبقہ، جو مطلق تعداد کے لحاظ سے خاصا بڑا ہو چکا ہے، سول سوسائٹی کے ذریعے منظم ہو کر ان خرابیوں کی اصلاح کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔

لیکن عملی طور پر طبقاتی، علاقائی، نسلی اور سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر تقسیم، نیز روزگار اور مواقع کے لیے ریاستی سرپرستی پر انحصار نے اصلاحات کے لیے وسیع تر اتحاد کے قیام کو کمزور کر دیا ہے۔ موجودہ نظام سے فائدہ اٹھانے والے منظم، بااثر اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ اس نظام کی قیمت ادا کرنے والے بکھرے ہوئے، سیاسی طور پر منقسم ہیں اور اکثر اپنی ناراضی کو ادارہ جاتی تبدیلی کے لیے مسلسل دباؤ میں تبدیل کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔

مایوسی سے عارضی نجات کا ذریعہ بننے والی بیرون ملک ہجرت بھی ملک کے بہت سے قابل اور بلند آواز رکھنے والے افراد کو یہاں سے باہر لے جا رہی ہے۔

کیا کوئی نیا سیاسی نظام یا سیاسی قیادت اس ڈھانچے میں داخل ہو کر اصلاحات کا ایک بڑا اور مشکل ایجنڈا نافذ کر سکتی ہے؟ موجودہ شواہد کی روشنی میں اس راہ میں حائل رکاوٹیں غیر معمولی طور پر بڑی ہیں۔

انتخابات میں حصہ لینا اس قدر مہنگا ہو چکا ہے کہ اس کے لیے بھاری مالی وسائل درکار ہوتے ہیں، جو لامحالہ غیر قانونی اور بعض اوقات جرائم پیشہ ذرائع سے حاصل کیے جاتے ہیں۔ بعد ازاں ان ذرائع کو ٹھیکوں، سرکاری عہدوں پر تعیناتیوں اور تحفظ کی صورت میں فائدہ پہنچا کر ان کی قیمت چکانا پڑتی ہے۔ یوں سیاست میں داخلے کی بنیادی شرط ہی اس نظام کا حصہ بننے کا عہد بن جاتی ہے جو معاشی مراعات اور ناجائز فوائد پر قائم ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اصلاحات کے لیے وسیع اتفاق رائے کے باوجود ان پر عمل درآمد بار بار تعطل کا شکار ہو جاتا ہے۔

پاکستان کو اصلاحاتی تجاویز کی کمی کا سامنا نہیں۔ اصل مسئلہ ایسا سیاسی و معاشی نظام ہے جس سے فائدہ اٹھانے والے عناصر کے پاس نہ صرف موجودہ ڈھانچے کو برقرار رکھنے کی ترغیب بلکہ اس پر عمل درآمد روکنے کے لیے اثر و رسوخ بھی موجود ہے۔ یہ عناصر اب تک اس نتیجے پر نہیں پہنچے کہ اگر ملک کو کم شرح نمو کے اس جال سے نکالنا ہے تو موجودہ نظام کو برقرار رکھنے کی قیمت اصلاحات کی قیمت سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔

چنانچہ بامعنی تبدیلی کے لیے محض ایک اور مالیاتی ایڈجسٹمنٹ پروگرام یا انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو کافی نہیں ہوگی۔ ٹیکس اصلاحات میں صرف موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے آمدنی، اثاثوں اور معاشی سرگرمیوں کو حاصل ترجیحی ٹیکس سہولتوں کا ازسرنو جائزہ لینا ہوگا۔

کاروباری کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے تحفظ کے بجائے مسابقت کو بنیادی اصول بنانا ہوگا۔ ریاست کے انتظامی ڈھانچے کو معقول حدود میں لانا ہوگا اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا پیمانہ ان کا حجم، بجٹ یا سیاسی اثر و رسوخ نہیں بلکہ ان کے نتائج ہونے چاہییں۔

سب سے بڑھ کر، وفاق کو مضبوط بنانے کے لیے ایسے اداروں کی ضرورت ہے جو مواقع کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں، علاقائی تنوع کا احترام کریں اور شہریوں کو ملک کے معاشی اور سیاسی مستقبل میں بامعنی حصہ دار بنائیں۔

ان میں سے کوئی تبدیلی آسان نہیں ہوگی۔ اس کے لیے ان مفادات کا سامنا کرنا پڑے گا جو کئی دہائیوں سے عوامی پالیسیوں کی تشکیل پر اثر انداز ہوتے آئے ہیں۔ لیکن اس کے سوا دوسرا راستہ معاشی مواقع، اداروں کی ساکھ اور سماجی ہم آہنگی کے مسلسل زوال کا ہے۔

پاکستان کا بنیادی چیلنج وسائل، کاروباری صلاحیت یا معاشی امکانات کی کمی نہیں، بلکہ ایسا نظام ہے جس میں نجی مراعات کا تحفظ کیا جاتا ہے، جبکہ ان کی قیمت پورا معاشرہ ادا کرتا ہے۔

سب سے سنگین خطرہ یہ ہے کہ بے روزگار پاکستانی نوجوانوں کی بڑی تعداد اپنے ہی ملک میں بہتر مستقبل تعمیر کرنے کے امکان سے مایوس ہوتی جا رہی ہے۔ جب نوجوانوں کو یہ محسوس ہونے لگے کہ مواقع اہلیت کے بجائے تعلقات کی بنیاد پر ملتے ہیں اور ترقی کا راستہ صرف بیرون ملک ہجرت یا بااثر افراد کی سرپرستی سے ہو کر گزرتا ہے تو اس کے نتائج محض معاشی جمود تک محدود نہیں رہتے۔

جو لوگ ملک چھوڑنے کی استطاعت رکھتے ہیں، وہ جا رہے ہیں، جن میں ہزاروں ڈاکٹر، انجینئرز اور اکاؤنٹنٹس بھی شامل ہیں۔ ان کی بھیجی ہوئی ترسیلات زر ادائیگیوں کے توازن کو سہارا ضرور دیتی ہیں، لیکن ملک انہی افراد کو برآمد کر رہا ہے جن کی اسے اپنا مستقبل تعمیر کرنے کے لیے ضرورت ہے۔ جس نوجوان آبادی کو ملکی ترقی میں حصہ نہیں دیا جاتا، وہ زیادہ دیر تک آبادیاتی ثمرات کا ذریعہ نہیں رہتی بلکہ ایک سنگین آبادیاتی بحران میں تبدیل ہو جاتی ہے، جو سماجی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026