فاسٹ بولر ثاقب خان نے ڈیبیو ٹیسٹ میں سات وکٹیں لے کر سری لنکن بیٹنگ لائن تباہ کردی
- وقفے کے وقت اذان اویس 16 اور محمد طحہٰ 12 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے، جبکہ پاکستان نے 27 رنز کی معمولی برتری حاصل کرلی تھی
پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان نے ڈیبیو ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات وکٹیں حاصل کرلیں، جس کی بدولت سری لنکن ٹیم پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز میں 446 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے پاکستان پر 12 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
جمعرات کو ابر آلود موسم میں ثاقب خان نے 130 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سری لنکا نے تیسرے روز کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنائے تھے، تاہم اس کے آخری چھ کھلاڑی مزید 42 رنز کے اضافے پر آؤٹ ہوگئے۔
ثاقب خان نے دن کے پہلے ہی اوور میں سنچری بنانے والے دھننجایا ڈی سلوا کو غازی غوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکے پاکستانی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔ ڈی سلوا 167 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ اس کے بعد سری لنکن کپتان کوشل مینڈس بھی 119 رنز بنا کر ثاقب کا شکار بنے۔
ثاقب نے سونل دینوشا، لہرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو کو بھی آؤٹ کیا اور ڈیبیو پر اننگز میں سات وکٹیں لینے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔
جواب میں پاکستان نے کھانے کے وقفے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 39 رنز بنا لیے تھے اور اسے 27 رنز کی برتری حاصل تھی۔ اذان اویس 16 اور محمد طحہٰ 12 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔