ویمنز ٹینس فائنلز: میرا آندریوا سیمی فائنل میں پہنچ گئیں
- روسی کھلاڑی نے دوسرے سیٹ میں بھی اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے سبالینکا کی غلطیوں کا فائدہ اٹھایا، ابتدائی بریک حاصل کیا اور 3-0 کی برتری بنا لی
عالمی نمبر تین روسی ٹینس اسٹار میرا آندریوا نے آرینا سبالینکا کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-0 سے شکست دے کر ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ ایلینا سویٹولینا نے کیرولینا موخووا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔
19 سالہ آندریوا نے گروپ 2 میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے گروپ میں پہلی پوزیشن کے ساتھ آخری چار کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔ اس سے قبل سویٹولینا نے موخووا کو 3-6، 6-2 اور 6-2 سے ہرایا تھا۔
اس شکست کے نتیجے میں موخووا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں، جبکہ سویٹولینا جمعے کو سبالینکا کے خلاف آخری گروپ میچ میں میدان میں اتریں گی، جس کا فیصلہ سیمی فائنل میں ان کی رسائی کا تعین کرے گا۔
عالمی نمبر دو سبالینکا نے پہلے سیٹ میں ابتدائی برتری حاصل کی، تاہم آندریوا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سیٹ 6-4 سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں روسی کھلاڑی نے سبالینکا کو ایک بھی گیم جیتنے کا موقع نہ دیا اور صرف 62 منٹ میں کامیابی حاصل کرلی۔ آندریوا نے مقابلے میں 16 ونرز لگائے جبکہ ان سے صرف چھ غیرضروری غلطیاں ہوئیں۔
آندریوا نے کہا کہ وہ اپنی پہلی کامیابی کے مقابلے میں اس جیت پر زیادہ خوش ہیں اور خود کو مزید دو میچ کھیلنے کے لیے بھی تیار محسوس کر رہی ہیں۔