شمسی توانائی کے فروغ کے باوجود سندھ کے کم آمدنی والے گھرانے پیچھے رہ گئے، ماہرین

  • ”شمسی توانائی کے فروغ کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ صاف توانائی عام گھرانوں کے لیے بھی قابلِ استطاعت ہو۔“
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان میں شمسی توانائی کے تیزی سے فروغ کے باوجود لاکھوں کم آمدنی والے گھرانے اس سہولت سے محروم رہنے کا خدشہ ہے، کیونکہ شمسی نظام کی تنصیب پر ابتدائی بھاری لاگت اور دیکھ بھال کے لیے معاونت کی عدم دستیابی ان کی سستی بجلی تک رسائی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ ماہرین نے یہ خدشات سندھ انرجی اینڈ کلائمیٹ کانفرنس (ایس ای سی سی 26) میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ظاہر کیے ہیں۔

یہ معاملہ گزشتہ ہفتے کراچی میں منعقدہ دو روزہ کانفرنس کے دوران شمسی توانائی تک رسائی سے متعلق ایک مباحثے میں اجاگر کیا گیا، جس میں ماہرین، حکومتی نمائندوں، مزدور تنظیموں اور سماجی کارکنوں نے جائزہ لیا کہ آیا ملک میں قابلِ تجدید توانائی کی جانب بڑھتا رجحان ان طبقات کو بھی فائدہ پہنچا رہا ہے جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے یا اس کے ثمرات بنیادی طور پر ان صارفین تک محدود ہیں جو ابتدائی سرمایہ کاری کی استطاعت رکھتے ہیں۔

پاکستان میں شمسی توانائی کے پھیلاؤ کا حجم غیر معمولی ہے۔ رینیوایبلز فرسٹ کے ڈاکٹر عمیس عبدالرحمٰن نے شمسی توانائی تک رسائی سے متعلق اجلاس میں بتایا کہ ملک میں بجلی گھروں کی مجموعی پیداواری صلاحیت تقریباً 45 گیگاواٹ ہے، جبکہ صارفین نے اپنی مدد آپ کے تحت تقریباً 38 گیگاواٹ شمسی توانائی کی پیداواری صلاحیت نصب کر رکھی ہے۔

تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ شمسی نظاموں کی تنصیب کی تعداد سے یہ اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کہ آیا کمیونٹیز کو قابلِ اعتماد اور پائیدار بنیادوں پر بجلی دستیاب بھی ہے یا نہیں۔

عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والے ایک پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مناسب دیکھ بھال کی مہارتوں کی کمی کے باعث 10 سال بعد صرف 33 فیصد تقسیم شدہ شمسی توانائی کے نظام فعال رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’صرف شمسی پینلز فراہم کردینا کامیابی نہیں۔ بجلی تک رسائی کا مطلب کامیابی نہیں ہے۔‘‘

مسئلہ صرف شمسی نظاموں کی دیکھ بھال تک محدود نہیں، بلکہ بہت سے گھرانوں کے لیے ابتدائی سرمایہ کاری اب بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

کلائمیٹ ایکشن سینٹر کے حسین رضوی نے سروے کے نتائج پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے کم آمدنی والے علاقوں میں 86 فیصد جواب دہندگان کو روزانہ 13 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کچی آبادیوں کے متعدد رہائشی بھی بجلی کے ناقابلِ برداشت بلوں سے پریشان ہیں، حالانکہ وہ اقساط پر مالی معاونت کے ذریعے شمسی توانائی اختیار کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

شمسی توانائی کے فروغ سے فائدہ اٹھانے والوں اور اس سہولت سے محروم رہ جانے والوں کے درمیان فرق کی سب سے واضح مثال ایک گارمنٹس فیکٹری کے مزدور منیر احمد نے پیش کی۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ اگرچہ ان کی فیکٹری شمسی توانائی پر چلتی ہے، لیکن 30 ہزار سے 40 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ کے باعث ان کے لیے اپنے گھر میں ایسا نظام نصب کرانا مشکل ہے۔

اس تضاد نے پاکستان کی توانائی کی منتقلی کے فوائد کی منصفانہ تقسیم سے متعلق ایک اہم سوال اٹھایا ہے کہ اگر کاروباری ادارے بجلی کے اخراجات کم کرنے کے لیے شمسی توانائی اختیار کر سکتے ہیں تو ان اداروں کو چلانے والے محنت کشوں کے پاس کیا متبادل موجود ہیں؟

سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کے ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ وسیم جمال نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے منسلک صوبائی شمسی توانائی پروگرام تجویز کیا، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں ہر مستحق فرد کو تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا شمسی نظام فراہم کرنے کے لیے آزمائشی منصوبہ شروع کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دیہی آبادیوں تک بجلی کی رسائی بڑھانے کے لیے چھوٹے پیمانے کے بجلی گھروں پر مشتمل نظام (منی گرڈز) قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔

تاہم، شمسی توانائی تک رسائی آسان بنانا ایک بڑے چیلنج کا محض ایک حصہ ہے۔ قابلِ تجدید توانائی کے نظاموں میں اضافے کے ساتھ پاکستان کو اپنے بجلی کے ترسیلی و تقسیمی نظام کے طریقہ کار پر بھی نظرثانی کرنا ہوگی اور اضافی بجلی کی تقسیم کے لیے نئے انتظامات کرنا ہوں گے۔

شرکاء نے موجودہ گرڈ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور کمیونٹی کی سطح پر بجلی کی شراکت داری کے نظام متعارف کرانے پر زور دیا، جس کے تحت گھرانے اور کاروباری ادارے اپنی اضافی شمسی بجلی ضائع کرنے کے بجائے دوسرے صارفین کو فراہم کر سکیں گے۔

شمسی ٹیکنالوجی کے تیزی سے پھیلاؤ کے ساتھ غیر معیاری آلات اور الیکٹرانک کچرے میں ممکنہ اضافے کے خدشات بھی سامنے آئے ہیں۔ مقررین نے معیار کی سخت نگرانی، ری سائیکلنگ کی سہولتوں اور تکنیکی تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قابلِ تجدید ٹیکنالوجی پر مبنی توانائی کی منتقلی میں اس امر کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا کہ آلات اپنی کارآمد عمر پوری کرنے کے بعد کس طرح ٹھکانے لگائے جائیں گے۔

شرکاء کے مطابق شمسی توانائی کے استعمال میں اضافے کے باوجود قومی بجلی کا گرڈ ناگزیر رہے گا، بالخصوص اس لیے کہ ایئرکنڈیشنرز، گھریلو برقی آلات اور الیکٹرک گاڑیوں کے بڑھتے استعمال سے بجلی کی طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔

مقررین نے ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی کے ضیاع پر بھی تشویش ظاہر کی اور بیٹریوں میں توانائی ذخیرہ کرنے، بجلی کی ترسیل کے لچکدار نظام اور حقیقی وقت میں معلومات کے تبادلے کے لیے سرمایہ کاری پر زور دیا، تاکہ ملک میں پیدا ہونے والی قابلِ تجدید بجلی ضائع نہ ہو۔

توانائی کی منتقلی کا عمل عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بھی تبدیل کر رہا ہے۔ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر بہرام امیر میمن نے بتایا کہ 84 الیکٹرک بسیں پہلے ہی سڑکوں پر چل رہی ہیں، جبکہ مزید ایک ہزار 100 بسوں کا اصولی منصوبہ منظور کیا گیا ہے اور سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت 500 بسیں متعارف کرانے کی تجویز ہے۔ انہوں نے ایک ہزار گلابی الیکٹرک اسکوٹیز کی تقسیم کا بھی ذکر کیا۔

نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کی مہرش فاطمہ نے بتایا کہ ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 161 چارجنگ اسٹیشن فعال ہیں، جبکہ چارجنگ کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق ایک مربوط آن لائن پورٹل کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔

تاہم، برقی نقل و حرکت کی جانب منتقلی کے لیے محض گاڑیاں متعارف کرانا کافی نہیں ہوگا۔ شرکاء نے بڑے شہروں سے باہر چارجنگ نیٹ ورک پھیلانے اور بیٹریوں و موٹروں کی مقامی پیداواری صلاحیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سندھ کے لیے موسمیاتی بحران محض مستقبل کے توانائی کے انتخاب سے وابستہ کوئی دور کا خطرہ نہیں، بلکہ اس کے اثرات پہلے ہی کام کی جگہوں، زرعی کھیتوں اور شدید موسمی حالات سے نبردآزما آبادیوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔

شدید گرمی سے متعلق مسائل پر ہونے والے مباحثے میں مزدور نمائندوں اور سماجی کارکنوں نے زرعی مزدوروں، خواتین، بچوں اور صنعتی محنت کشوں کو لاحق خطرات کی نشاندہی کی۔ کام کی جگہوں پر ہوا کی ناکافی آمدورفت، پینے کے پانی تک محدود رسائی اور بجلی کی طویل بندش کو بڑے مسائل قرار دیا گیا۔

شرکاء نے شدید گرمی میں کام کرنے والے محنت کشوں کے تحفظ کے لیے خصوصی پالیسیاں مرتب کرنے، کام کی جگہوں پر خطرات کا جائزہ لینے، ٹھنڈک کے انتظامات کرنے اور لازمی وقفے دینے کا مطالبہ کیا۔

پانی کا تحفظ بھی صوبے کے موسمیاتی چیلنجز کا ایک اہم پہلو ہے۔ پانی اور توانائی کے باہمی تعلق سے متعلق اجلاس میں شرکاء نے ڈیموں، بیراجوں اور دریاؤں کے بہاؤ میں تبدیلی کے سماجی اور ماحولیاتی اثرات پر سوالات اٹھائے، بالخصوص ان آبادیوں کے حوالے سے جن کا روزگار زراعت اور ماہی گیری سے وابستہ ہے۔

مقررین نے پن بجلی منصوبوں کے گردونواح میں متاثرہ آبادیوں کو ناکافی معاوضے، ماحولیاتی نقصان اور ایسے مؤثر نظام کی عدم موجودگی پر تشویش ظاہر کی جس کے ذریعے متاثرین ازالے کا مطالبہ کر سکیں۔

بدین کے بعض علاقوں کی صورت حال اس مسئلے کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔ پینل کے شرکاء نے بتایا کہ بعض آبادیوں کو سال بھر میں صرف پانچ روز آبپاشی کے لیے پانی دستیاب ہوتا ہے، جس کے باعث غذائی عدم تحفظ میں اضافہ ہو رہا ہے اور کسان اس سال چاول کی فصل کاشت کرنے سے بھی محروم رہے۔

شرکاء نے پن بجلی کی ترقی کے وسیع تر معاشی اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خاص طور پر اس سوال کو اٹھایا کہ اگر منصوبوں کے لیے قرضے حاصل کیے جائیں تو ان کی واپسی کا بوجھ بالآخر بجلی صارفین پر کیوں پڑتا ہے۔ ان کے مطابق بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی میں پانی کی زیادہ منصفانہ تقسیم اور متاثرہ آبادیوں سے بامعنی مشاورت کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔

ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات کون برداشت کرتا ہے اور ان کے فوائد کس کو حاصل ہوتے ہیں، یہ سوال عالمی موسمیاتی مالی معاونت سے متعلق مباحثوں میں بھی زیرِ بحث آیا۔

شرکاء کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کی مدد کے لیے عالمی سطح پر بارہا کیے گئے وعدوں کے باوجود اعلان کردہ مالی معاونت اور زمینی سطح پر آبادیوں تک پہنچنے والے وسائل کے درمیان نمایاں فرق موجود ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شفاف اخراجات اور جوابدہی کے بغیر محض مالی معاونت تک رسائی کافی نہیں ہوگی۔

پاکستان میں بار بار آنے والی موسمیاتی آفات، بالخصوص 2022ء کے سیلاب، جن سے مجموعی طور پر 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اور معاشی خسارہ ہوا، اس مسئلے کی فوری نوعیت کو واضح کرتے ہیں۔ مقررین نے مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے، قبل از وقت انتباہ کے نظام بہتر بنانے، فصلوں کی سستی انشورنس متعارف کرانے اور ساحلی و ڈیلٹا کے علاقوں کی آبادیوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کی منصوبہ بندی میں زیادہ مؤثر کردار دینے پر زور دیا۔

کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے گورنر نہال ہاشمی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات کو قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں اور تکنیکی مباحثوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ماحولیاتی شعور کو روزمرہ کی اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر گفتگو میں صاف پانی، حفظانِ صحت، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، شہری بنیادی ڈھانچے اور سمندری ماحول کے تحفظ کو زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے، کیونکہ ماحولیاتی پائیداری کا عوامی صحت اور آبادیوں کے معیارِ زندگی سے گہرا تعلق ہے۔

کراچی کے ساحلی علاقوں کی جانب توجہ دلاتے ہوئے نہال ہاشمی نے ساحلی پانیوں اور سمندری ماحول کی صورت حال پر تشویش ظاہر کی اور آلودگی پر قابو پانے اور سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے زیادہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے سمندر سے توانائی پیدا کرنے کے مستقبل کے امکانات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے برسوں میں ایشیائی ممالک سمندری وسائل سے توانائی کے حصول کے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ تاہم، ان کے مطابق یہ مواقع سمندری وسائل کے تحفظ اور ساحلی پانیوں کا معیار بہتر بنانے سے مشروط ہیں۔

گورنر نے بجلی چوری کا معاملہ بھی اٹھایا، بالخصوص شہری بازاروں اور تجارتی علاقوں میں، اور کہا کہ توانائی سے متعلق مباحثوں میں صرف بجلی کی فراہمی بڑھانے کے بجائے ذمہ دارانہ استعمال، مؤثر تقسیم اور ضیاع کی روک تھام کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے سرکاری اداروں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا اور سول سوسائٹی کو پالیسی سازوں اور عوام کے درمیان ایک اہم رابطہ قرار دیا۔ ان کے مطابق مقامی مسائل سے آگاہی سرکاری محکموں کو توانائی اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زیادہ عملی اقدامات مرتب کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

نہال ہاشمی نے کانفرنس کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ اپنی سفارشات متعلقہ سرکاری محکموں اور گورنر ہاؤس کو ارسال کریں۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی مہمات کو سیمینارز اور کانفرنس ہالز سے نکال کر اسکولوں، جامعات اور ساحلی آبادیوں تک پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایس ای سی سی 26 میں اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ سندھ میں توانائی کی منتقلی کا معاملہ محض بجلی کی پیداوار بڑھانے یا شمسی پینلز نصب کرنے تک محدود نہیں۔ اس کی حقیقی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ آیا صاف توانائی عام گھرانوں کے لیے قابلِ استطاعت بنتی ہے، محنت کشوں اور کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات سے تحفظ ملتا ہے اور ترقیاتی منصوبوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی آبادیوں کو اپنے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں آواز ملتی ہے یا نہیں۔

شرکاء کے مطابق اصل چیلنج صرف سندھ کو توانائی کی فراہمی کا نیا طریقہ اختیار کرنا نہیں، بلکہ ایک زیادہ منصفانہ، موسمیاتی اثرات کے مقابلے میں مضبوط اور پائیدار صوبہ تشکیل دینا ہے۔