اینتروپک کا آئی پی او کے ذریعے ایک کھرب ڈالر مالیت حاصل کرنے کا ہدف، وال اسٹریٹ میں مصنوعی ذہانت کے جنون کا امتحان
- مصنوعی ذہانت کی کمپنی حصص کے اجرا سے 64.4 ارب ڈالر تک جمع کرنے کی خواہاں؛ مجوزہ قیمت 70 سے 78 ڈالر فی حصص، سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور خدشات دونوں میں اضافہ
مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے ابتدائی عوامی اجرا (آئی پی او) کے ذریعے 64.4 ارب ڈالر تک سرمایہ جمع کرنے کا امکان ہے۔ منگل کو جمع کرائی گئی ریگولیٹری دستاویز کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کا اہم امتحان ہوگی کہ آیا مصنوعی ذہانت کی تیزی سے پھیلتی صنعت پر وال اسٹریٹ کا اعتماد اس شعبے سے وابستہ خطرات کے خدشات پر غالب آتا ہے یا نہیں۔
رائٹرز کے مطابق ریگولیٹری دستاویز میں درج جاری حصص کی تعداد کی بنیاد پر حساب لگایا گیا ہے کہ کمپنی کی مالیت ایک کھرب 20 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
رائٹرز نے منگل کو خصوصی طور پر رپورٹ کیا کہ اینتھروپک اور اس کے بعض سرمایہ کار فی حصص 70 سے 78 ڈالر کی ابتدائی قیمت پر حصص فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
کمپنی حصص کی فروخت کے لیے سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر رہی ہے۔ توقع ہے کہ یہ تاریخی اجرا مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دیگر کمپنیوں کے لیے بھی قدر پیمائی کا معیار طے کرے گا۔ گزشتہ کئی برسوں کے دوران اس شعبے کے بارے میں غیر معمولی توقعات نے مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو فروغ دیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق اینتھروپک گوگل کی مالک کمپنی الفابیٹ، نیوڈیا اور ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسز سمیت بڑے بنیادی سرمایہ کاروں کے ساتھ علیحدہ نجی حصص کی فروخت کے ذریعے مزید 26 ارب ڈالر بھی جمع کرے گی۔
براڈکام، مائیکرون ٹیکنالوجی، مائیکروسافٹ اور ٹی ایس ایم سی سمیت بنیادی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کو شامل کیا جائے تو اینتھروپک کے حصص کے اجرا سے مجموعی طور پر 90.4 ارب ڈالر تک حاصل ہونے کی توقع ہے۔
مصنوعی ذہانت کی سرمایہ کاری پر سوالات
رائٹرز کے مطابق پیر کی شب اس بڑے مالیاتی معاہدے کی تفصیلات سرمایہ کاری بینکوں میں مختصر وقت کے لیے گردش کرتی رہیں، تاہم بعد ازاں انہیں واپس لے لیا گیا۔
سال کے دوسرے نصف میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی سرمایہ کاری کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ سرمایہ کار اب یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ آیا اس شعبے میں بھاری سرمایہ کاری اور قرضوں پر بڑھتے ہوئے اخراجات کے مقابلے میں خاطر خواہ منافع حاصل کیا جا سکے گا یا نہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب شرح سود بلند سطح پر ہے۔
سرمایہ کاری کے اس سلسلے کی پائیداری پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان میں ایک دوسرے سے جڑے مالیاتی انتظامات، بنیادی ڈھانچے میں ضرورت سے زیادہ سرمایہ کاری اور مصنوعی ذہانت پر ہونے والے اخراجات کو آمدنی میں تبدیل کرنے کی رفتار سے متعلق خدشات شامل ہیں۔
ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص پر مشتمل نیس ڈیک انڈیکس گزشتہ جمعرات کو 19 ماہ کی سب سے بڑی یومیہ گراوٹ سے دوچار ہوا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی مجموعی مالیت سے کھربوں ڈالر کم ہوگئے۔ اس گراوٹ کی ایک وجہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی کے بعد مصنوعی ذہانت کے شعبے، بالخصوص ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر، پر مزید نگرانی کے خدشات تھے۔
زیادہ سخت نگرانی اور ممکنہ ضابطہ جاتی رکاوٹیں مصنوعی ذہانت کی صنعت کی تیز رفتار ترقی کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔
تاہم اینتھروپک کی ترقی اب تک ان خدشات سے متاثر نہیں ہوئی، جس کی بڑی وجہ اس کی مصنوعات، بالخصوص تیزی سے مقبول ہونے والے کلاڈ ماڈلز کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔
کمپنی نے اپنی ریگولیٹری دستاویز میں ’’معجزات کے دور کا آغاز‘‘ کرنے کے وژن کا ذکر کیا ہے، تاہم ساتھ ہی انسانیت کو لاحق وجودی خطرات سے بھی خبردار کیا ہے۔ یہ صورت حال مصنوعی ذہانت کی صنعت کے غیر معمولی امکانات اور اس سے وابستہ گہری غیر یقینی صورتحال دونوں کو نمایاں کرتی ہے۔
رائٹرز کے مطابق اینتھروپک کے متوقع آئی پی او میں دلچسپی رکھنے والے بعض سرمایہ کار حصص خریدنے کے لیے کمپنی کی قدر کا زیادہ پرکشش تعین چاہتے تھے۔ ان میں سے بعض سرمایہ کاروں نے حال ہی میں زیر بحث آنے والی ڈیڑھ کھرب ڈالر کی مالیت کو توقعات کی بالائی حد قرار دیا تھا۔
آمدنی میں اضافہ، نقصانات میں کمی
اینتھروپک کے مطابق رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں اس کا خالص خسارہ کم ہوا، جبکہ گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں آمدنی 47 فیصد اضافے سے 16.96 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ تاہم آمدنی میں اضافے کی رفتار سست ہوئی ہے، کیونکہ اس سے پچھلی سہ ماہی میں یہ اضافہ 144 فیصد رہا تھا۔
کمپنی نے آمدنی میں تیز رفتار اضافے کی وجہ کلاڈ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو قرار دیا ہے۔ اس میں صحت، مالیاتی خدمات اور قانونی شعبوں کے لیے تیار کردہ خصوصی مصنوعات کی طلب بھی شامل ہے۔
کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاروں کو فراہم کی گئی دستاویز میں اس کے کاروبار اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو درپیش متعدد خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے مطابق حریف کمپنیاں زیادہ تیزی سے نئے ماڈلز تیار کرکے برتری حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت میں پیش رفت کمپنی کی حفاظتی اور سیکیورٹی تدابیر وضع کرنے کی صلاحیت سے آگے نکل سکتی ہے۔
یہ انتباہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خودکار مصنوعی ذہانت کے بعض ایجنٹس کے کنٹرول شدہ ماحول سے باہر نکلنے اور نجی کمپنیوں کے نظام تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ یہ خدشات بھی بڑھ رہے ہیں کہ زیادہ صلاحیت کے حامل مصنوعی ذہانت کے آلات ہیکرز کو محفوظ نیٹ ورکس میں داخل ہونے میں مدد دے سکتے ہیں۔
اینتھروپک کی ترقی کے منصوبوں کے ساتھ بنیادی ڈھانچے پر بھاری اخراجات بھی وابستہ ہیں۔ کمپنی نے ایمیزون اور الفابیٹ کی گوگل سمیت شراکت داروں کے ساتھ کمپیوٹنگ کی سہولتوں سے متعلق تقریباً 900 ارب ڈالر کے معاہدوں اور وعدوں کی تفصیلات ظاہر کی ہیں۔
اس سے واضح ہوتا ہے کہ کمپنی کی تیز رفتار ترقی مستقبل میں کمپیوٹنگ کی وسیع گنجائش حاصل کرنے پر منحصر ہے، جس کے بعض حصوں کی مالی معاونت بھی کمپنی کے براہ راست اختیار سے باہر ہے۔
یہ آئی پی او ایسے وقت میں سامنے آرہا ہے جب ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے جون میں حصص کے اجرا کے ذریعے 75 ارب ڈالر جمع کیے تھے، جس کے بعد کمپنی کی مالیت تقریباً ایک کھرب 75 ارب ڈالر ہوگئی تھی۔ ان اعداد و شمار میں ان اضافی حصص کی خریداری شامل نہیں جو انڈر رائٹرز نے اضافی اجرا کے اختیار کے تحت حاصل کیے تھے۔
اینتھروپک اپنے حریف اوپن اے آئی کے ساتھ مارکیٹ میں حصص بڑھانے کی سخت مسابقت میں مصروف ہے۔ نجی سرمایہ کاری کے ایک حالیہ مرحلے میں کمپنی کی مالیت 965 ارب ڈالر لگائی گئی تھی۔ اس کے نمایاں سرمایہ کاروں میں آلٹی میٹر کیپیٹل، ڈریگنیر، گرین اوکس اور سیکوئیا کیپیٹل شامل ہیں۔
چیف ایگزیکٹو ڈاریو اموڈی کی قیادت میں کام کرنے والی اینتھروپک 2021ء میں اوپن اے آئی سے الگ ہونے والے محققین کے ایک گروپ نے قائم کی تھی۔ یہ محققین ادارے کے انتظامی ڈھانچے اور مصنوعی ذہانت کے تحفظ سے متعلق اختلافات کے باعث الگ ہوئے تھے۔
آئی پی او مکمل ہونے کے بعد کمپنی کے حصص نیس ڈیک میں ’اے این ٹی‘ کے علامتی نام سے فروخت کیے جانے کی توقع ہے۔ اس طرح اینتھروپک رواں موسم خزاں میں اسٹاک مارکیٹ میں آنے والی چند بڑی کمپنیوں میں شامل ہو سکتی ہے، جبکہ قرض لینے کی بلند لاگت، جغرافیائی سیاسی بے چینی اور بانڈز کی بڑھتی ہوئی شرح منافع نے آئی پی او مارکیٹ کو دباؤ میں رکھا ہوا ہے۔
گولڈمین ساکس اور مورگن اسٹینلے اس حصص اجرا کے لیے خدمات فراہم کرنے والے سرمایہ کاری بینکوں کے اتحاد کی قیادت کر رہے ہیں۔