الیکٹرک پک اَپ ٹرکوں کی منڈی کا ایک اور شکار، ٹیسلا سائبر ٹرک کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ
- ایلون مسک کی کمپنی آئندہ سال جون یا جولائی میں سائبر ٹرک کی اسمبلی لائن بند کردے گی، فروخت میں نمایاں کمی کے بعد روبوٹیکسی سائبر کیب کی تیاری پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ
ٹیسلا کی جانب سے آئندہ سال سائبر ٹرک کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ الیکٹرک پک اَپ ٹرکوں کی اس مارکیٹ میں اب تک کی نمایاں ترین ناکامیوں میں سے ایک ہے، جسے گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں نے کبھی مستقبل کی بڑی منڈی قرار دیتے ہوئے خاصی امیدیں وابستہ کی تھیں۔
ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ کمپنی ٹیکساس کے شہر آسٹن میں واقع اپنے کارخانے میں سائبر ٹرک کی پیداوار بڑھائے گی تاکہ آرڈرز کا زیر التوا بیک لاگ پورا کیا جا سکے، جس کے بعد جون یا جولائی کے آس پاس اس کی اسمبلی لائن ختم کردی جائے گی۔ ان کے مطابق پیداوار بند کرنے سے کمپنی کو روبوٹیکسی سائبر کیب کی تیاری بڑھانے کا موقع ملے گا، جو تاحال تجارتی بنیادوں پر فروخت کے لیے دستیاب نہیں۔
تاہم تحقیقاتی ادارے موٹر انٹیلی جنس کے تخمینے کے مطابق ٹیسلا کے اسٹین لیس اسٹیل سے بنے زاویہ دار ڈیزائن کے حامل ٹرک کی فروخت رواں سال ستمبر تک 28 فیصد کم ہوکر تقریباً 11,600 یونٹس رہ گئی۔ اس ٹرک کے ڈیزائن کو ایک موقع پر موٹر ٹرینڈ میگزین نے ’اسٹیلتھ بمبار طیارے اور ریفریجریٹر کا امتزاج‘ قرار دیا تھا۔
فروخت کی یہ رفتار مسک کے پہلے پیش کردہ سالانہ 250,000 ٹرکوں کے ہدف سے کہیں کم ہے۔ امریکی وفاقی ریگولیٹری ادارے میں جمع کرائی گئی دستاویز کے مطابق مسک کی دوسری بڑی کمپنی اسپیس ایکس نے بھی گزشتہ سال ٹیسلا سے فہرستی قیمت پر 131 ملین ڈالر مالیت کے سائبر ٹرک خریدے تھے۔
کم قیمت نہیں، زیادہ خرچ اور کم افادیت
بڑے الیکٹرک پک اَپ ٹرکوں کی مارکیٹ میں ٹیسلا کے حریفوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ سائبر ٹرک کی نسبتاً کم فروخت کے باوجود اس کی ترسیل جنرل موٹرز اور فورڈ موٹر کی الیکٹرک گاڑیوں سے زیادہ رہی ہے۔ ان کمپنیوں کے حکام کو کبھی توقع تھی کہ ان کے بڑے پک اَپ ٹرکوں کے بیٹری سے چلنے والے ماڈلز، جو ان کے سب سے زیادہ منافع بخش شعبوں میں شمار ہوتے ہیں، مارکیٹ میں غیر معمولی کامیابی حاصل کریں گے۔
ڈیٹرائٹ کی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں نے رواں دہائی کے آغاز میں ٹیسلا اور ریوین کے ممکنہ مقابلے سے نمٹنے کے لیے الیکٹرک پک اَپ ٹرکوں کی تیاری کا رخ کیا تھا۔ جنرل موٹرز، فورڈ اور رام ٹرک بنانے والی کمپنی اسٹیلانٹس نے کئی دہائیوں سے اپنے صارفین کو زیادہ ہارس پاور اور سامان کھینچنے کی بہتر صلاحیت کے حامل پک اَپ ٹرک فراہم کرکے مضبوط مارکیٹ قائم کر رکھی ہے۔
تاہم گاڑیوں کی تحقیق سے وابستہ ادارے آئی سی کارز ڈاٹ کام کے ایگزیکٹو تجزیہ کار کارل براؤر کے مطابق یہ کمپنیاں اسی کاروباری ماڈل کو الیکٹرک ٹرکوں میں کامیابی سے تبدیل نہیں کر سکیں۔
اس کی ایک وجہ ان ٹرکوں کی بلند قیمت ہے، جس کی بڑی وجہ ان میں استعمال ہونے والی بھاری بیٹریوں کی غیر معمولی لاگت ہے۔ مثال کے طور پر جنرل موٹرز کے شیورلے سلویراڈو ای وی کی ابتدائی قیمت تقریباً 62,000 ڈالر ہے۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ ٹرک اکثر ان کاموں میں مطلوبہ کارکردگی نہیں دکھا پاتے جن کی روایتی پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والے پک اَپ ٹرکوں کے مالکان توقع رکھتے ہیں، مثلاً گھوڑوں سے بھرا ٹریلر کھینچنا یا بھاری مشینری اور سامان لے جانا۔
کارل براؤر نے کہا، ’’نتیجتاً صارفین کو ایسی گاڑی کے لیے زیادہ رقم ادا کرنا پڑتی ہے جو افادیت کے اعتبار سے کم صلاحیت رکھتی ہے۔‘‘
گاڑیاں ساز کمپنیاں چھوٹے ماڈلز اور ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی طرف مائل
فورڈ کے چیف ایگزیکٹو جم فارلی نے گزشتہ سال کمپنی کے مالی نتائج سے متعلق ایک کانفرنس کال کے دوران ان مشکلات کا اعتراف کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ کمپنی اپنی مقبول ایف 150 پک اَپ کا الیکٹرک ماڈل فورڈ لائٹننگ بند کرنے کا فیصلہ کیوں کر رہی ہے، جو طلب میں کمی سے پہلے چند سال تک نسبتاً کامیاب رہا تھا۔
جم فارلی نے کہا تھا، ’’گاڑی جتنی بڑی ہوگی، اس کی بیٹری بھی اتنی ہی بڑی درکار ہوگی اور منافع پر دباؤ بڑھے گا، کیونکہ صارفین اضافی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار نہیں ہوں گے۔‘‘
اب فورڈ کی توجہ نسبتاً چھوٹے الیکٹرک پک اَپ ٹرک فیتھم پر مرکوز ہے، جسے کمپنی آئندہ سال کے اواخر میں تقریباً 28,000 ڈالر کی ابتدائی قیمت پر متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی طرف بھی متوجہ ہو رہی ہیں تاکہ الیکٹرک گاڑیوں میں پک اَپ ٹرک صارفین کی مطلوبہ افادیت برقرار رکھی جا سکے۔ اسٹیلانٹس کا منصوبہ ہے کہ وہ آئندہ سال توسیعی رینج والا الیکٹرک پک اَپ ٹرک متعارف کرائے گی، جس میں دورانِ سفر بیٹری کو دوبارہ چارج کرنے کے لیے پیٹرول سے چلنے والا جنریٹر استعمال کیا جائے گا۔