عالمی طاقتوں کی بڑھتی کشمکش کے تناظر میں پاکستان زیادہ نمائندہ عالمی نظام کا خواہاں ہے، اسحاق ڈار
- اسٹریٹجک مسابقت میں شدت اور اسلحے پر کنٹرول کے معاہدوں کے کمزور پڑنے سے عالمی سلامتی کا ڈھانچہ بڑھتے ہوئے دباؤ کا شکار ہے، نائب وزیر اعظم
اسلام آباد میں ساتویں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت، جغرافیائی سیاست اور معیشت کے باہمی اشتراک اور تیز رفتار تکنیکی ترقی کے باعث عالمی منظرنامہ تبدیل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یقین ہے کہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشمکش اور عالمی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور طے شدہ قواعد و ضوابط کا احترام ناگزیر ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اس کا جواب ملک کے اندر مضبوطی اور بیرون ملک مؤثر سفارت کاری میں پوشیدہ ہے۔ ان کے مطابق ملکی معیشت کی مضبوطی اور فعال سفارت کاری غیر یقینی عالمی حالات میں پاکستان کے لیے اہم عوامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک مسابقت میں شدت اور اسلحے پر کنٹرول کے معاہدوں کے کمزور پڑنے سے عالمی سلامتی کا ڈھانچہ بڑھتے ہوئے دباؤ کا شکار ہے۔ سیاسی تقسیم بھی کثیرالجہتی اداروں، بالخصوص اقوام متحدہ کی کارکردگی کو متاثر کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے کثیر قطبی عالمی نظام کی حمایت کرتا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ ممالک کو بامعنی آواز اور مؤثر نمائندگی حاصل ہو۔ تاہم اس کے لیے کثیرالجہتی تعاون کو مؤثر بنانے اور بین الاقوامی سطح پر طے شدہ قواعد کی پابندی ضروری ہے۔
ابھرتے ہوئے تکنیکی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، سائبر صلاحیتوں اور بائیو ٹیکنالوجی سے نئے مواقع کے ساتھ خطرات بھی پیدا ہو رہے ہیں، جبکہ موجودہ ادارے ان تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
غزہ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے خبردار کیا کہ عالمی معاملات میں ’طاقت ہی حق ہے‘ کا اصول زور پکڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2025-26ء کی رکنیت کے دوران تنازعات کے پُرامن حل کی وکالت کی۔
انہوں نے علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کیا، جن میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری اور چین، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ سفارتی روابط شامل ہیں۔
جنوبی ایشیا کے حوالے سے اسحاق ڈار نے مسئلہ جموں و کشمیر کے پُرامن حل کی کوششیں جاری رکھتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کے لیے ملکی معیشت کو مضبوط بنانا اور اقتصادی سفارت کاری کو وسعت دینا انتہائی اہم ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) مجید احسن نے کہا کہ یک طرفہ طرز عمل، جغرافیائی سیاسی مسابقت اور مختلف خطوں میں جاری تنازعات موجودہ عالمی نظام پر دباؤ میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔
ساتویں مارگلہ ڈائیلاگ کے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2019ء میں شروع ہونے والا یہ فورم عالمی، علاقائی اور ملکی چیلنجز پر تبادلہ خیال کے لیے ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور عملی میدان سے وابستہ شخصیات کو یکجا کرنے والا بین الاقوامی پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
موجودہ جغرافیائی سیاسی ماحول کو ’ٹیٹریس‘ نامی کھیل سے تشبیہ دیتے ہوئے مجید احسن نے کہا کہ ممالک کو تیزی سے بدلتے ہوئے اسٹریٹجک انتخاب کا سامنا ہے، جبکہ ان کے لیے دستیاب گنجائش محدود ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’عالمی جغرافیائی اسٹریٹجک ٹیٹریس کے میدان میں جغرافیائی سیاسی انتخاب کے حامل مہرے تیزی سے نیچے گر رہے ہیں، جبکہ وقت اور گنجائش دونوں کم ہوتے جا رہے ہیں۔‘‘
مجید احسن نے ابھرتے ہوئے عالمی نظام کے تین ممکنہ راستوں کی نشاندہی کی۔ ان کے مطابق پہلا امکان یہ ہے کہ دنیا امریکا اور چین کے زیر اثر الگ الگ حلقہ ہائے اثر میں تقسیم ہو جائے، دوسرا یہ کہ دونوں بڑی طاقتیں دوبارہ تعاون کی راہ اختیار کر لیں، جبکہ تیسرا امکان دو قطبی اور کثیر قطبی نظام کے امتزاج پر مبنی کسی درمیانی بندوبست کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیسرے منظرنامے کے تحت ممالک کسی ایک بڑی طاقت کے ساتھ مکمل وابستگی اختیار کرنے کے بجائے بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی، توانائی اور سلامتی کے شعبوں میں مختلف ممالک کے ساتھ شراکت داری کر سکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم ہونے والا بین الاقوامی نظام، جس میں اقوام متحدہ کا منشور، جنیوا کنونشنز اور بین الاقوامی قانونی معاہدے شامل ہیں، یک طرفہ اقدامات کے باعث دباؤ کا شکار ہے۔
غزہ، ایران، یوکرین اور افغانستان کے تنازعات کے علاوہ افریقا کے بحرانوں کا حوالہ دیتے ہوئے مجید احسن نے کہا کہ عالمی نظام امن اور استحکام یقینی بنانے میں مشکلات سے دوچار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین میں روس کی جنگ بدستور یورپ کی سلامتی، توانائی کی منڈیوں اور معیشت کو متاثر کر رہی ہے، جبکہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان تنازع عالمی توانائی کی قیمتوں، مہنگائی اور رسدی زنجیروں کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔
دو روزہ مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد ’’تبدیلی کے مرحلے میں عالمی نظام: اسٹریٹجک غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی‘‘ کے موضوع کے تحت کیا جا رہا ہے، جس میں عالمی طاقتوں کی صف بندی میں تبدیلی، جنوبی اور مغربی ایشیا کے درمیان روابط اور مسابقت، تکنیکی تبدیلی، قومی استحکام اور غیر روایتی سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔