✕
پاکستان

لاہور کی زہریلی فضا، پاکستان نے بھارت کو ذمہ دار ٹھہرا دیا

  • دیوالی کے بعد بھارت سے آنے والی ہواؤں اور ہوا کے ہلکے دباؤ کے باعث آلودگی کے ذرات خطے میں داخل ہوئے، مریم اورنگزیب
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان نے اس ہفتے فضائی آلودگی کی خراب صورتِ حال کا ذمہ دار پڑوسی ملک بھارت سے آنے والی آلودگی کو قرار دیا ہے جہاں ہفتے کے اختتام پر ہندوؤں کے تہوار دیوالی پر چلائے جانے والے پٹاخوں کے باعث ملک کے بیشتر شمالی علاقوں پر زہریلی اسموگ کی تہہ چھا گئی۔

لاہور نے منگل کو مسلسل دوسرے روز سوئس ادارے آئی کیو ایئرکی دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 263 ریکارڈ کیا گیا جسے انتہائی مضرِ صحت قرار دیا گیا ہے۔

آئی کیو ایئر کے مطابق شہر میں پی ایم 2.5 کی مقدار، یعنی فضا میں موجود ایسے مضر ذرات جو پھیپھڑوں میں گہرائی تک داخل ہو سکتے ہیں، عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی سالانہ مقررہ حد سے 37.2 گنا زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

وزیرِ تحفظِ ماحولیات پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ دیوالی کے بعد بھارت سے آنے والی ہواؤں اور ہوا کے ہلکے دباؤ کے باعث آلودگی کے ذرات خطے میں داخل ہوئے۔

تاہم موسمی حالات بہتر ہونے اور ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کے باعث توقع ہے کہ دوپہر کے ابتدائی حصے سے فضائی آلودگی میں بتدریج کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ نے اس حوالے سے تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواست پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

آئی کیو ایئر نے منگل کے روز بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کو دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ آلودہ بڑا شہر قرار دیا جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 188 ریکارڈ کیا گیا۔ بھارتی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ایک روز قبل دارالحکومت میں پی ایم 2.5 کی مجموعی مقدار میں تقریباً 55 فیصد حصہ پٹاخوں سے پیدا ہونے والی آلودگی کا تھا۔

سرحد کے دونوں جانب سردیوں کے موسم میں گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں، تعمیراتی سرگرمیوں سے اڑنے والی گردوغبار اور فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں بھی فضائی آلودگی میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔

پاکستان نے 2024 میں بھی اپنی فضا میں زہریلی آلودگی کا ذمہ دار بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کے عمل کو قرار دیا تھا، تاہم اس وقت بھارتی محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا تھا کہ ہواؤں کے رخ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہوا کا بہاؤ دراصل پاکستان سے بھارت کی جانب تھا۔

بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھی رواں ماہ نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی خراب صورتِ حال کا ذمہ دار بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کے عمل کو قرار دیا جہاں ایک علاقائی اپوزیشن جماعت کی حکومت ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق دیوالی کے تہوار کے روز اتوار کو ریاست میں کھیتوں میں آگ لگانے کے واقعات میں سات گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تاہم، بھارتی پنجاب کی صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کمی آئی ہے۔