حمزہ ظہور کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان انڈر 19 نے بھارت کو شکست دے دی
- اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے میچ میں پاکستان نے 209 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا
پاکستان نے العامرات میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 209 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے دائیں ہاتھ کے بیٹر حمزہ ظہور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی۔ انہوں نے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 108 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔
انہیں حسنین عباس ڈار کا بھرپور ساتھ حاصل رہا، جنہوں نے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 38 رنز اسکور کیے۔ دونوں بیٹرز نے پاکستان کو فتح کے قریب پہنچایا، تاہم حسنین عباس ڈار منال چوہان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ منال چوہان نے بھارت کی جانب سے مجموعی طور پر تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے دیگر بیٹرز میں عبدالقادر نے 20 اور عثمان خان نے 16 رنز بنائے، جبکہ احمد حسین 8، جہانگیر بلال 5 اور کپتان فرحان یوسف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستان کے بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے بیٹنگ کرنے والی بھارتی ٹیم کو 46.3 اوورز میں 208 رنز پر آؤٹ کردیا۔
بھارت کی اننگز کے نمایاں بیٹر ارجن راجپوت رہے، جنہوں نے 85 گیندوں پر 11 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پاکستان کو ابتدائی اوور میں ہی کامیابی ملی، جب علی رضا نے بھارتی کپتان لکشیا رائچندانی کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیج دیا۔
آریاویر سہواگ نے 40 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جبکہ وی کے ونیث 8 رنز بنا سکے۔ اس طرح بھارت کی ٹیم 11.4 اوورز میں 22 رنز پر 3 وکٹیں گنوا چکی تھی۔
بعد ازاں ارجن راجپوت نے اننگز کو سنبھالا اور انوے ڈریوڈ (10)، منال چوہان (11) اور کاویا پریش پٹیل (23) کے ساتھ مل کر اسکور آگے بڑھایا۔ کاویا پریش پٹیل نے 45 گیندوں کا سامنا کیا۔
تاہم 35.2 اوورز میں 170 کے مجموعی اسکور پر ارجن راجپوت کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور ٹیم نے صرف 38 رنز کے اضافے پر اپنی آخری پانچ وکٹیں گنوا دیں۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد سمیع کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
رضوان اللہ نے 7 اوورز میں 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا نے 10 اوورز میں 37 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد سمیع نے 8.3 اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی ٹیم کے مجموعی اسکور میں 13 اضافی رنز بھی شامل تھے۔