✕
دنیا

چین میں شادیوں کی شرح 18 سال کی کم ترین سطح پر آگئی

  • رواں سال کے پہلے 9 ماہ میں 46 لاکھ 50 ہزار جوڑوں کی شادیاں، جبکہ 20 لاکھ 80 ہزار جوڑوں نے طلاق لے لی
شائع اپ ڈیٹ

چین میں رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران شادیوں کی شرح گزشتہ 18 سال کی کم ترین سطح پر آگئی، جس سے شرح پیدائش میں کمی اور آبادی کے بڑھتے ہوئے مسائل پر تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

چینی وزارت شہری امور کے مطابق جنوری سے ستمبر کے اختتام تک 46 لاکھ 50 ہزار جوڑوں نے شادی کی، جبکہ 20 لاکھ 80 ہزار جوڑوں نے طلاق حاصل کی۔ مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق شادیوں کی یہ تعداد 18 سال میں سب سے کم ہے۔

چینی حکومت شادیوں اور بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کے لیے مالی امداد، بچوں کی دیکھ بھال میں سہولت اور زچگی کے طبی اخراجات میں کمی سمیت مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

اس کے باوجود چین میں بچوں کے مقابلے میں بزرگ شہریوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ 2025 میں مسلسل چوتھے سال ملک کی آبادی میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ شرح پیدائش بھی تاریخی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ماہرین آبادی کے مطابق چین میں 15 سے 49 سال کی عمر کی خواتین کی تعداد رواں صدی کے اختتام تک دو تہائی سے زیادہ کم ہو کر 10 کروڑ سے بھی نیچے آسکتی ہے۔