✕
کاروبار اور معیشت

اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم، 17 لاکھ سے زائد افراد کی رجسٹریشن، 2 لاکھ 25 ہزار قرضے جاری

  • مریم نواز کی حکام کو پروگرام کی تکمیل کے اہداف حاصل کرنے کی ہدایت
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام اپنی چھت، اپنا گھر کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی جبکہ بین الاقوامی اداروں نے بھی اس پروگرام کو سراہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پورٹل پر 17 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کراچکے ہیں۔ اسکیم کے تحت 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ 71 ہزار 597 مستحقین کو قرض کی دوسری قسط بھی فراہم کی جا چکی ہے۔

مزید 62 ہزار 600 گھروں کی تعمیر بھی تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت قرضوں کی واپسی کی شرح ریکارڈ 97.6 فیصد رہی جبکہ اقساط کی مد میں 22 ارب 29 کروڑ روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اسکیم کے لیے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دیتے ہوئے حکام کو پروگرام کی تکمیل کے اہداف حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

اپنی چھت، محفوظ چھت اسکیم کے لیے درخواستوں کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 3 ہزار 55 درخواست گزاروں کو ایک ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ 532 گھروں کی تعمیر اور توسیع کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تمام مقررہ اہداف بروقت حاصل کیے جائیں۔