✕
کھیل

میچ کے دوران ٹکرانے کے بعد ایف سی ٹینریف کا اسٹرائیکر ڈی میگوئل چل بسا

  • میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد ٹینریف کے 30 سالہ اسٹرائیکر جیسس ڈی میگوئل کے انتقال پر فٹ بال کی دنیا سوگوار
شائع اپ ڈیٹ

ہسپانوی فٹ بال کلب ٹینریف کے اسٹرائیکر جیسس ڈی میگوئل میچ کے دوران گول کیپر سے ٹکرانے کے ایک روز بعد منگل کو 30 سال کی عمر میں چل بسے۔ کلب نے اس افسوسناک خبر کی تصدیق کی ہے۔

اسپین کے دوسرے درجے کے فٹ بال مقابلے میں ایف سی اینڈورا کے خلاف میچ انجری ٹائم کے ساتویں منٹ میں اس وقت ختم کر دیا گیا جب ڈی میگوئل حریف ٹیم کے گول کیپر جیسس اوونو سے ٹکرانے کے بعد زمین پر گر پڑے۔ گول کیپر طویل فاصلے سے آنے والی گیند کو روکنے کے لیے اپنے گول سے باہر آئے تھے اور ان کا گھٹنا ڈی میگوئل کے سینے سے ٹکرا گیا۔

کلب نے اپنے بیان میں کہا، ’’شدید صدمے سے دوچار اور اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے قاصر کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے، سی ڈی ٹینریف منگل 3 نومبر 2026 کو صبح 8 بجے جیسس ڈی میگوئل المیڈا کے افسوسناک انتقال کا اعلان کرتا ہے۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دکھ کی شدت کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں اور نہ ہی کوئی چیز اس غم کو کم کر سکتی ہے۔

ڈی میگوئل کافی دیر تک میدان میں بے حس و حرکت پڑے رہے، جبکہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی طبی امداد کے لیے اشارے کرتے رہے۔ واقعے کے بعد گول کیپر جیسس اوونو کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

طبی عملے نے پانچ منٹ سے زائد وقت تک میدان میں ڈی میگوئل کو طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

میچز ملتوی

اسپین کی فٹ بال فیڈریشن نے ڈی میگوئل کے انتقال پر منگل کے روز ہونے والے تمام میچز ملتوی کر دیے، جن میں کوپا ڈیل رے اور کوپا ڈی لا رینا کے مقابلے بھی شامل ہیں۔

فیڈریشن نے ہسپانوی انڈر 21 ٹیم کے جاپان کے خلاف میچ کی باضابطہ تقریب بھی منسوخ کر دی، جبکہ یورپی فٹ بال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے رواں ہفتے تمام یورپی مقابلوں سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسپین کے کئی فٹ بال کلبوں نے ڈی میگوئل کے انتقال پر تعزیتی پیغامات جاری کیے ہیں۔

سابق بارسلونا ڈیفینڈر اور اینڈورا کے اکثریتی حصص کے مالک جیرارڈ پیکے نے سوشل میڈیا پر لکھا، ’’مجھے دل سے افسوس ہے،جیسس! اللہ آپ کو سکون دے۔‘‘

اینڈورا کلب نے بھی ڈی میگوئل کے اہل خانہ، ساتھی کھلاڑیوں اور ٹینریف کلب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بارسلونا نے اپنے بیان میں کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری تمام تر ہمدردیاں اور حمایت ان کے اہل خانہ، دوستوں اور عزیزوں کے ساتھ ہیں۔

ریال میڈرڈ نے بھی ڈی میگوئل کے اہل خانہ، ساتھی کھلاڑیوں، کلب اور تمام عزیزوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ڈی میگوئل 1996 میں میڈرڈ میں پیدا ہوئے تھے اور 2025-26 کے سیزن سے قبل کاسٹیلون سے ٹینریف کلب میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں 11 گول اسکور کیے تھے۔