✕
کاروبار اور معیشت

اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس 1550 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا

  • صبح 11 بجکر 10 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 167,316.40 پوائنٹس پر جاپہنچا
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو بھی خریداری کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں کاروبار کے ابتدائی منٹوں میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1550 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 11 بجکر 10 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 1,579.65 پوائنٹس یا 0.95 فیصد اضافے سے 167,316.40 پوائنٹس پر جاپہنچا۔

آٹو موبائل اسمبلرز، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں سمیت اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔ پی او یل، ماری، کے ای، حبکو، ایم ای بی ایل، ایم سی بی، ایچ بی ایل، ایس این جی پی ایل، پی ایس او، پی پی ایل اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں دکھائی دیے۔

یاد رہے کہ بدھ کو اسٹاک ایکسچینج میں بحالی کا سلسلہ جاری رہا اور کاروباری سیشن کے آخری حصے میں خریداری کے رجحان نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔ بڑے شعبوں میں وسیع پیمانے پر حصص کی قیمتوں میں اضافے نے مارکیٹ کی تیزی میں اہم کردار ادا کیا۔ گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,269.55 پوائنٹس یا 0.77 فیصد اضافے کے ساتھ 165,736.76 پوائنٹس پر بند ہوا۔

عالمی منڈیوں میں جمعرات کو ایشیائی حصص کی قیمتوں میں پہلے ہونے والا اضافہ ختم ہو گیا، کیونکہ اے آئی سے متعلق کمپنیوں کے مالی نتائج پر سرمایہ کاروں کے ردِعمل میں نمایاں اختلاف دیکھا گیا۔ اس صورتحال نے دن کے بعد ایمیزون اور انٹیل کے متوقع نتائج کی اہمیت مزید بڑھا دی۔

الفابیٹ کے بھاری نقد اخراجات کے باعث آفٹر آورز ٹریڈنگ میں اس کے حصص کی قیمت 10 فیصد گرگئی جس سے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 400 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔

اس کے نتیجے میں نیسڈیک فیوچرز 1 فیصد نیچے آ گئے۔ اس کے برعکس مائیکروسافٹ نے توقعات سے بہتر نتائج پیش کیے۔ کمپنی کا نقد بہاؤ بھی اندازوں سے بہتر رہا جس کے باعث اس کے حصص کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ ہوا۔

گزشتہ رات امریکی فیڈرل ریزرو نے توقعات کے مطابق شرحِ سود برقرار رکھی، تاہم کمیٹی کے دو ارکان نے شرح سود میں اضافے کے حق میں ووٹ دیا۔

فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش نے پریس کانفرنس کے دوران مہنگائی کے مستقبل کے حوالے سے زیادہ پُراعتماد مؤقف اختیار کیا جس کے نتیجے میں امریکی ٹریژری بانڈز میں تیزی دیکھی گئی۔

تاہم اصل امتحان کمپنیوں کے مالی نتائج سے متعلق تھا۔ سام سنگ الیکٹرانکس نے جمعرات کو بتایا کہ اے آئی کے چپس کی مضبوط طلب کے باعث تیسری سہ ماہی میں اس کا آپریٹنگ منافع تقریباً نو گنا بڑھ کر ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

اس کے باوجود سام سنگ کے حصص کی قیمت 4 فیصد سے زیادہ گرگئی جس سے جنوبی کوریا کے وسیع تر کوسپی انڈیکس پر بھی دباؤ پڑا اور اس میں 2.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس سے ایک روز قبل انڈیکس میں تقریباً 7 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک خطے کے حصص پر مشتمل ایم ایس سی آئی کے وسیع ترین انڈیکس میں 0.7 فیصد کمی ہوئی جب کہ جاپان کے نکئی انڈیکس کا ابتدائی اضافہ کم ہوکر 0.3 فیصد رہ گیا۔

چین کی سرزمین پر درج بڑی کمپنیوں کے حصص پر مشتمل بلیو چِپ انڈیکس میں 0.9 فیصد کمی ہوئی جب کہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 0.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ انٹرا ڈے اپڈیٹ ہے