باسل میں شکست کے ساتھ اسٹین واورینکا کا ٹینس کیریئر اختتام پذیر
- واورینکا نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ 2026 کے سیزن کے اختتام پر پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائر ہوجائیں گے۔ ان کا کیریئر 2002 میں شروع ہوا تھا، جس کے 24 سال بعد وہ کھیل کو خیرباد کہہ رہے ہیں
سوئٹزرلینڈ کے نامور ٹینس اسٹار اور تین مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن اسٹین واورینکا نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کیریئر کا آخری میچ کھیل کر کھیل کو الوداع کہہ دیا۔
سوئس انڈورز ٹورنامنٹ کے دوران باسل میں انہیں چیک جمہوریہ کے کھلاڑی جیری لیہیکا نے 7-5 اور 7-6 (2) سے شکست دی۔
41 سالہ واورینکا نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ 2026 کے سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہوجائیں گے۔ انہوں نے 24 سال قبل پیشہ ورانہ ٹینس کا آغاز کیا تھا۔
واورینکا نے 2014 کے آسٹریلین اوپن فائنل میں رافیل نڈال کو شکست دے کر اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا۔ اس کے بعد انہوں نے 2015 کے فرنچ اوپن اور 2016 کے یو ایس اوپن فائنل میں نوواک جوکووچ کو ہرا کر مزید دو گرینڈ سلیم ٹائٹلز اپنے نام کیے۔
اے ٹی پی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے واورینکا نے کہا کہ ان کے کیریئر کا مقصد ہمیشہ بھرپور کوشش کرنا، کسی پچھتاوے کے بغیر کھیلنا اور ہر میچ میں اپنی سو فیصد صلاحیت صرف کرنا تھا۔ ان کے مطابق یہ اپنے آپ، حریف، ٹورنامنٹ اور شائقین سمیت سب کے احترام کا تقاضا تھا۔