✕
پاکستان

پاکستان نے زلمے خلیل زاد کے بے بنیاد الزامات مسترد کردیے

  • پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ  میں  صف اول کا کردار ادا کررہا ہے، وزارتِ اطلاعات
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان نے افغانستان میں امریکا کے سابق سفیر زلمے خلیل زاد کی جانب سے لگائے گئے ان بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کردیا ہے کہ سابق افغانوں کو طالبان اور ان کے حامی دہشت گرد گروہوں سے لڑنے کیلئے ہتھیار فراہم کئے جارہے ہیں۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک اکاؤنٹ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ زلمے خلیل زاد کے بے بنیاد الزامات محض قیاس آرائیوں پر مبنی بیانیے کو دہرانے کے مترادف ہیں جن کا مقصد اپنے ذاتی ایجنڈے کے تحت دہشت گردی کی حمایت کرنے والی طالبان حکومت کو تقویت دینا ہے۔

وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ افغان طالبان حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے سرگرم دہشتگرد تنظیموں کے خلاف پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی جائز کارروائیوں کو افغان شہریوں کی بھرتی یا مسلح گروہوں کی سرپرستی سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ  میں  صف اول کا کردار ادا کررہا ہے اور علاقائی امن و سلامتی کیلئے بے پناہ قربانیاں دے چکا ہے۔

وزارت نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی مسلسل جاری ہونے والی نگرانی رپورٹس میں افغانستان کے اندر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ وزارت کے مطابق زلمے خلیل زاد کے الزامات افغان طالبان حکومت کی اس ذمہ داری سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی گروہوں کے استعمال سے روکے۔

وزارت نے کہا کہ خلیل زاد کی جانب سے ایسے بے بنیاد الزامات کو دہرانا ان کے متعصبانہ اور ذاتی ایجنڈے پر مبنی نقطۂ نظر کو بے نقاب کرتا ہے۔