بینک اسلامی کا 9 ماہ میں 3.1 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع
- بینک کے مجموعی ڈپازٹس بڑھ کر 630.7 ارب روپے تک پہنچ گئے
بینک اسلامی نے 30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والے نو ماہ کے دوران 3.1 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) رپورٹ کیا۔
بینک کے مجموعی ڈپازٹس بڑھ کر 630.7 ارب روپے تک پہنچ گئے جو اس کی بینکاری خدمات پر صارفین کے مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔
بینک اسلامی کے کرنٹ اکاؤنٹس میں دسمبر 2025 کے مقابلے میں 9.7 فیصد اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں مجموعی ڈپازٹس میں ان کا حصہ بڑھ کر 50 فیصد ہوگیا جبکہ 2025 کے اختتام پر یہ شرح 43.6 فیصد تھی۔ ڈپازٹس کی بہتر ساخت سے بینک کا کرنٹ اکاؤنٹ اور سیونگ اکاؤنٹ تناسب بھی دسمبر 2025 کے 71.2 فیصد سے بڑھ کر 74.7 فیصد ہوگیا۔
اس عرصے کے دوران بینک کی مجموعی آمدن 31.9 ارب روپے رہی جبکہ اس کا کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو 14.9 فیصد رہا جو مقررہ ضوابط کے تحت درکار شرح سے خاصا زیادہ ہے۔
رواں سال کے آغاز میں یورومنی اسلامک فنانس ایوارڈز نے صارفین کو ٹیکنالوجی پر مبنی بینکاری سہولتیں فراہم کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں بینک اسلامی کو پاکستان کے بہترین اسلامی ڈیجیٹل بینک کا اعزاز دیا تھا۔
بینک اسلامی نے ڈریگنز آف ایشیا ایوارڈز 2026 میں تخلیقی مہارت کے شعبے میں کانسی کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
بینک اسلامی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران ایچ شیخ نے کہا کہ ملک جیسے جیسے سود سے پاک مالیاتی نظام کی جانب بڑھ رہا ہے، اس منتقلی کو ممکن بنانے میں اسلامی بینکوں کا مرکزی کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مالیاتی نتائج سود سے پاک بینکاری پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہیں۔ ہم انسانیت کو سود سے نجات دلانے کے اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید صارفین کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے۔‘