بی آر ٹی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت
- مختلف لائنوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مربوط کرنے سے شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں آسانی ہوگی، شرجیل انعام میمن
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نومبر میں آنے والی نئی ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کے لیے نئے روٹس شروع کرنے کے سلسلے میں ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن کمال دایو، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر حکام نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو ٹرانسپورٹ منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ یلو لائن اور ریڈ لائن کے تعمیراتی کاموں، بی آر ٹی منصوبوں کے باہمی انضمام اور نئی ڈبل ڈیکر و الیکٹرک بسوں کے روٹس سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بی آر ٹی کی مختلف لائنوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مربوط کرنے سے شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔ صرف بی آر ٹی لائنوں کی تعمیر کافی نہیں، بلکہ ان کے درمیان مؤثر سفری رابطہ قائم کرنا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اورنج لائن، گرین لائن، ریڈ لائن اور یلو لائن کو باہم مربوط کرنے سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ یلو لائن اور ریڈ لائن کے مختلف حصوں، پلوں اور دیگر تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے۔
انہوں نے بالخصوص تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر کام تیز کرنے اور یلو لائن کے ڈیپوز کی تعمیر میں بھی رفتار بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے دائرہ کار میں اضافے اور شہریوں کو بہتر، مربوط اور جدید سفری نظام فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔