✕
پاکستان

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، میجر وجاہت وحید شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

صدرمملکت اور وزیراعظم کا بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
شائع اپ ڈیٹ

بلوچستان کے ضلع قلات اور ضلع گوادر میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلیجنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جتک آباد اور ضلع گوادر کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی۔

بیان کے مطابق مقامی آبادی کے تحفظ اور دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق اطلاعات کی بنیاد پر ان کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے ان علاقوں میں کارروائیاں شروع کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو ضلع قلات کے علاقے جتک آباد میں انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موٴثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی کھیپ بھی برآمد کرلی گئی۔

دوسری جانب ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھی دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے متعدد کلیئرنس آپریشنز کیے گئے۔ اسی دوران میجر وجاہت وحید کی قیادت میں آگے بڑھنے والے سکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں 34 سالہ میجر وجاہت وحید وطن کے دفاع میں فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کے ضلع قلات اور ضلع گوادر کے مختلف علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیاہے ۔

اپنے ایک بیان میں صدرِ مملکت نے ضلع گوادر کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران میجر وجاہت وحید کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیاانہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے میجر وجاہت وحید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدرآصف علی زرداری نے شہید میجر وجاہت وحید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیااور ملک کے امن و استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مسلسل قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدرمملکت نے کہا کہ دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بلوچستان کے علاقوں ضلع قلات اور گواد میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز میں 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیاہے ۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں جامِ شہادت نوش کرنے پر 34 سالہ میجر وجاہت وحید شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے۔ انہوں نے شہید میجر کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے اپیکس کمیٹی کے وژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کااظہار کیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات اور پسنی میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے پر میجر وجاہت وحید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید میجر وجاہت کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ میجر وجاہت وطن عزیز کے امن کیلئے جان نچھاور کرکے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے، شہید میجر وجاہت سمیت شہداء کے لہو کا ہر قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے، شہید میجر وجاہت ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، شہید میجر وجاہت کی عظیم قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔