حیدرآباد چیمبر کا سستے داموں آٹے کی دستیابی بقینی بنانے پر زور
- وفاقی اور سندھ حکومت عوام کو مناسب نرخوں پر معیاری آٹا فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے، صدر چیمبر ندیم احمد صدیقی ودیگر عہدیدار
حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری (ایچ سی ایس ٹی ایس آئی) کے صدر ندیم احمد صدیقی، سینئر نائب صدر محمد فہد میاں اور نائب صدر عرفان اربیانی نے سندھ سمیت ملک بھر میں گندم کی دستیابی اور آٹے کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چیمبر کے عہدیداران نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مناسب نرخوں پر معیاری آٹا فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹا بنیادی ضرورت ہے، اسے عوام کی قوت خرید سے باہر نہیں ہونا چاہیے۔ وفاقی حکومت نجی شعبے کو شفاف پالیسی کے تحت گندم درآمد کرنے کی اجازت دے، جبکہ سندھ حکومت اور محکمہ خوراک سرکاری گوداموں میں موجود گندم کے ذخائر کا معائنہ کرکے غیر معیاری گندم الگ کریں۔
عہدیداران نے خبردار کیا کہ گندم کی قلت سے آٹے کی چکیوں کی پیداوار متاثر ہونے سے رسد، روزگار اور مقامی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے گندم کی طلب، ذخائر، درآمدات اور تقسیم کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر مشترکہ حکمت عملی بنانے پر زور دیا۔
چیمبر نے مطالبہ کیا کہ حکومتیں آئندہ 72 گھنٹوں میں گندم کے ذخائر کی جانچ، درآمدات کی اجازت اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے واضح لائحہ عمل دیں۔ عہدیداران نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ اور متعلقہ وزرا سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنا ناقابل قبول ہے۔