✕

پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں 24 نومبر 2026 کو صبح 4 بج کر 59 منٹ تک توسیع کردی۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے سرکاری نوٹس کے مطابق پابندی کا اطلاق بھارت میں رجسٹرڈ طیاروں کے علاوہ بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کی ملکیت، زیرِ استعمال یا لیز پر لیے گئے طیاروں پر بھی ہوگا۔

پابندی کے تحت بھارتی طیاروں کو فوجی پروازوں کے لیے بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس سے قبل پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے فضائی حدود کے استعمال پر پابندی میں 24 اکتوبر 2026 تک توسیع کی تھی۔

پاکستان نے 2025 میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (آئی آئی او جے کے) کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔

اس پابندی میں اب تک متعدد بار توسیع کی جاچکی ہے اور تازہ ترین توسیع سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ پابندی مزید ایک ماہ برقرار رہے گی۔

اس پابندی کے باعث اب تک لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے، کیونکہ بھارتی ایئرلائنز کو متبادل فضائی راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں، جس سے بھارت اور یورپ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے مقامات کے درمیان پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔