دشمن کی کسی بھی غلط فہمی کا جواب اس کے تصور سے بڑھ کر ہوگا، اسٹریٹجک کمانڈر
- پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو تحمل، مذاکرات اور علاقائی استحکام کو ترجیح دیتا ہے، جنرل سید عامر رضا
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے ہفتے کو خبردار کیا کہ خطے میں کسی بھی غلط فہمی کا جواب دشمن کے تصور سے بڑھ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس خطے میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار سے جارحیت یا اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دشمن پاکستان کے امن کے عزم کو کمزوری نہ سمجھے اور نہ ہی ہمارے تحمل کو عزم کی کمی سے تعبیر کرے۔ مسلح افواج ملک کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
جنرل عامر رضا نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو تحمل، مذاکرات اور علاقائی استحکام کو ترجیح دیتا ہے، تاہم جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یہ بیان ایک روز بعد سامنے آیا ہے جب پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستان مخالف بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کو گزشتہ سال کے واقعات سے سبق سیکھنا چاہیے اور اسلام آباد اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے جمعہ کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو گزشتہ سال کے واقعات سے سبق حاصل کرنا چاہیے جبکہ پاکستان اپنی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
علاقائی صورتِ حال کا حوالہ دیتے ہوئے اسٹریٹجک کمانڈر نے کہا کہ عالمی جغرافیائی سیاست میں تبدیلیوں اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد معاہدے کے ذریعے علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدہ بھی پائیدار امن کے اسی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے شہریوں کے خلاف تشدد اور شہری بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی مذمت کی۔ پاکستان کے عوام اور حکومت فلسطینیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
جنرل عامر رضا نے مسئلہ کشمیر کو تقسیمِ ہند کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
کمانڈر نے کہا کہ جدید جنگی ٹیکنالوجی میں تیز رفتار پیشرفت کے باعث جنگ کی نوعیت بدل رہی ہے اور روایتی عملی حکمتِ عملی اب بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بدلتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے متعدد شعبوں پر مشتمل تبدیلیوں کا عمل شروع کیا ہے۔
فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قیادت، پیشہ ورانہ مہارت، بہادری، نظم و ضبط اور دیانتداری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں اور بدلتے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چوکس رہیں۔
جنرل عامر رضا نے کہا کہ پاکستان کے مخالفین غلط معلومات پھیلانے، بیانیے کی جنگ، پراکسی دہشت گردی اور روایتی طریقوں سے ہٹ کر حربوں کے ذریعے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کیڈٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز رکھیں اور پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے 154ویں لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کے لیے منعقد کی گئی۔ بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن کے کیڈٹس نے بھی اکیڈمی سے تربیت مکمل کی۔