آبنائے ہرمز کے قریب کنٹینر بردار جہاز میزائل حملے کے بعد ڈوب گیا
- آبنائے ہرمز کے قریب حملوں میں دو جہاز ڈوب گئے، عالمی بحری تجارت کو خطرات بڑھنے کا اشارہ
آبنائے ہرمز کے قریب ایک کنٹینر بردار جہاز میزائل نما حملے کی زد میں آنے کے بعد ڈوب گیا، جبکہ پہلے حملے میں نقصان پہنچنے والا ایک اور مال بردار جہاز بھی ڈوب رہا ہے۔ بحری سلامتی سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ دونوں واقعات سے خطے میں بحری جہاز رانی کو لاحق خطرات بڑھ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سنگاپور کے پرچم بردار کنٹینر بردار جہاز جی ایف ایس پرائیڈ کی گنجائش 2,824 ٹی ای یو تھی اور وہ ڈوب چکا ہے۔ پاکستان کے ہائیڈروگرافر نے 14 اکتوبر کو جاری کردہ بحری انتباہ میں بتایا کہ جہاز ڈوب گیا ہے اور کنٹینرز سمندر میں تیر رہے ہیں۔ جہاز کی متحدہ عرب امارات میں قائم انتظامی کمپنی سے فوری رابطہ نہیں ہوسکا۔
اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 28 فروری کو امریکا اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد یہ ڈوبنے والا دوسرا جہاز ہے۔
دوسری جانب انٹیگوا و باربوڈا کے پرچم بردار خشک مال بردار جہاز ’کیپ ڈاؤ‘ کے بھی آبنائے ہرمز کے قریب ڈوبنے کی اطلاعات ہیں۔ اسے 23 ستمبر کو حملے میں نقصان پہنچا تھا۔ برطانوی بحری خطرات سے متعلق ادارے وینگارڈ کے مطابق جہاز کو بچانے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد اس کے ڈوبنے کی اطلاع ملی ہے۔
ادھر ایرانی حکام کے مطابق ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے نئی حکمت عملی اختیار کر رہا ہے، جس کا مقصد تیل کی قیمتیں بلند رکھنا اور امریکا کے وسط مدتی انتخابات پر اثرانداز ہونا ہے۔