✕

معاذ صداقت اور عمران کی عمدہ کارکردگی، پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی 20 سیریز جیت لی

  • معاذ صداقت کی 51 گیندوں پر 96 اور صاحبزادہ فرحان کی 44 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز، پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر ٹی 20 کا اپنا سب سے بڑا مجموعہ بنا لیا
شائع اپ ڈیٹ

معاذ صداقت کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے اتوار کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، تاہم وہ خود محض چار رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔

معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 96 جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے، جس کی بدولت پاکستان نے راولپنڈی میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنا کر ہوم گراؤنڈ پر ٹی 20 انٹرنیشنل میں اپنا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

بعد ازاں درمیانے درجے کے فاسٹ بولر محمد عمران نے 11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جس کے نتیجے میں سری لنکن ٹیم 7 وکٹوں پر 133 رنز تک محدود رہی۔ یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔

سری لنکن ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی، تاہم میچ ہاتھ سے نکل جانے کے بعد مہیش تھیکشنا نے ناقابلِ شکست 32 اور چمیندو وکرماسنگھے نے 29 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی۔ ان کے علاوہ کمنڈو مینڈس 23 اور سینتھ جے وردھنے 22 رنز کے ساتھ دوہرے ہندسے میں پہنچنے والے دیگر بلے باز رہے۔

سری لنکا کی جانب سے تین کیچ چھوڑے جانے کا پاکستان کو بھرپور فائدہ ہوا اور معاذ صداقت و صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے محض 49 گیندوں پر 88 رنز کی شراکت قائم کی۔

معاذ صداقت نے سات چھکے لگائے، جو ٹی 20 انٹرنیشنل میں کسی پاکستانی بلے باز کے ایک اننگز میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ انہوں نے چھ چوکے بھی لگائے، تاہم اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

صاحبزادہ فرحان نے دو اور 11 رنز پر ملنے والے دو مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے، تاہم 15ویں اوور میں داسن شناکا کو کیچ دے بیٹھے۔

دوسری جانب 44 رنز پر کیچ چھوٹنے کے بعد معاذ صداقت نے مزید جارحانہ انداز اختیار کیا اور حسن نواز (19 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے صرف 31 گیندوں پر 72 رنز جوڑ دیے۔

پاکستان نے آخری پانچ اوورز میں 70 رنز بٹورے اور یوں ہوم گراؤنڈ پر اپنا سابقہ بہترین ٹی 20 مجموعہ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ اس سے قبل پاکستان نے پانچ سال پہلے کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 وکٹوں پر 208 رنز بنائے تھے۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ منگل کو(کل) کھیلا جائے گا۔