فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد سمندری طوفان ایسیاس کی شدت کیٹیگری ون رہ گئی
- توقع ہے کہ سمندری طوفان ہفتے کے اختتام پر ریاست الاباما سے گزرتا ہوا ٹینیسی ویلی میں داخل ہو جائے گا
امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق، سمندری طوفان ایسیاس جمعہ کو فلوریڈا کے شہر ڈیسٹن کے قریب ساحل سے ٹکرانے کے بعد تیزی سے کمزور پڑ گیا اور اس کی شدت گھٹ کر کیٹیگری ون رہ گئی۔ تاہم، بجلی کی ترسیل کا نظام متاثر ہونے کے بعد ادارے نے سمندری طغیانی اور سیلاب کے خطرات سے خبردار کیا۔
نیشنل ہریکین سینٹر کے تازہ ترین انتباہ کے مطابق طوفان فلوریڈا کے شہر پاناما سٹی سے تقریباً 65 میل (105 کلومیٹر) مغرب، شمال مغرب میں موجود تھا، جہاں ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ مسلسل رفتار 90 میل (150 کلومیٹر) فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
ادارے نے خلیج میکسیکو کے ساحلی علاقوں میں جان لیوا سمندری طغیانی کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ طوفانی ہواؤں اور اچانک سیلاب کا خطرہ ساحل سے اندرونِ ملک تک پھیل رہا ہے۔
ادارے نے مزید بتایا کہ توقع ہے کہ سمندری طوفان ہفتے کے اختتام پر ریاست الاباما سے گزرتا ہوا ٹینیسی ویلی میں داخل ہو جائے گا۔
ویب سائٹ پاور آؤٹیج کے اعداد و شمار کے مطابق طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد فلوریڈا میں تقریباً 3 لاکھ 80 ہزار اور الاباما میں 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔
امریکی وزیر برائے داخلی سلامتی مارک وین مولن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ایسیاس سے نمٹنے کے لیے وفاقی وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کی غرض سے فلوریڈا اور الاباما میں ہنگامی حالت کے اعلانات کی منظوری دے دی گئی ہے۔
فلوریڈا کے ہنگامی امدادی اداروں نے شہریوں کو گھروں میں محفوظ رہنے اور ایسیاس کے کیٹیگری ٹو طوفان کی شدت کے ساتھ ساحل سے ٹکرانے کے بعد ریاست کے شمالی حصوں میں طوفانی حالات سے محتاط رہنے کی ہدایت کی۔