✕

عالمی نمبر ایک ایلینا ریباکینا نے پاؤں کی انجری کے باعث رواں ماہ ہونے والے ووہان اوپن سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے اتوار کو بتایا کہ قازق کھلاڑی کو چائنا اوپن کے افتتاحی میچ میں حیران کن شکست کا سامنا کرنے کے ایک روز بعد یہ فیصلہ کرنا پڑا۔

بیجنگ میں عالمی نمبر 118 کی کھلاڑی الینا چارائیوا کے ہاتھوں شکست کھانے والی ریباکینا نے کہا کہ وہ صحت یابی کے لیے کچھ عرصے تک مقابلوں سے دور رہیں گی۔

ریباکینا نے ٹورنامنٹ کی جانب سے شیئر کی گئی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ میں ان شائقین سے معذرت خواہ ہوں جو مجھے کھیلتے ہوئے دیکھنے کے منتظر تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں کچھ وقت آرام اور صحت یابی کے لیے وقف کروں گی۔ آپ کی سمجھ بوجھ اور مسلسل حمایت کا شکریہ۔

27 سالہ ریباکینا ٹانگ کے نچلے حصے اور پاؤں میں جاری تکلیف کا سامنا کر رہی ہیں جس کے باعث انہیں اگست میں ایگا شویونٹیک کے خلاف سنسناٹی کوارٹر فائنل سے بھی دستبردار ہونا پڑا تھا۔

اس کے باوجود ریباکینا نے یو ایس اوپن سے قبل صحت یاب ہوکر واپسی کی جہاں انہوں نے اپنا تیسرا گرینڈ سلم ٹائٹل جیتا، عالمی نمبر ایک کی پوزیشن حاصل کی اور سیزن کے اختتامی ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی کھلاڑی بنیں۔

توقع ہے کہ ریباکینا اگلا مقابلہ ننگبو میں کریں گی جہاں وہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گی۔

ووہان اوپن 12 سے 18 اکتوبر تک شیڈول ہے۔