فیصل آباد چیمبر نے نئے آر پی او کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دے دیا
- انعام الرحمٰن کی قیادت میں امن و امان، قانون کی بالادستی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ مزید مضبوط ہوگا، صدر عارف احسان
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) کے صدر عارف احسان ملک نے انعام الرحمٰن کی فیصل آباد ریجن کے نئے ریجنل پولیس افسر (آر پی او) کی حیثیت سے تعیناتی کا خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ انعام الرحمٰن کی قیادت میں امن و امان، قانون کی بالادستی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ مزید مضبوط ہوگا۔ عارف احسان ملک نے کہا کہ فیصل آباد ملک کا اہم صنعتی، تجارتی اور برآمدی مرکز ہے، جہاں لاکھوں افراد کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔ شہر میں محفوظ ماحول کاروبار کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے جرائم کی روک تھام اور شہری مسائل کا بروقت حل ممکن ہے۔ انہوں نے نئے آر پی او کو چیمبر کے دورے کی دعوت بھی دی اور یقین دلایا کہ ایف سی سی آئی پولیس سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔