مصنوعی قلت اور گرانفروشی روکنے کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے قیام کی تجویز
- حکومت کو معیشت میں نچلی سطح پر استحکام کو ترجیح دینی چاہیے، میاں زاہد حسین
پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم (پی بی آئی ایف) کے صدر میاں زاہد حسین نے مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کے خلاف بروقت کارروائی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مجموعی معاشی استحکام کے بعد حکومتی اقدامات اب گھرانوں اور کاروباری اداروں کی سطح پر استحکام لانے کے لیے نظر آنے چاہییں۔ مؤثر انسدادِ مہنگائی حکمتِ عملی میں مالیاتی نظم و ضبط، توانائی اصلاحات، مضبوط سپلائی چین اور کاروباری لاگت میں کمی کو ترجیح دینا ہوگی۔
میاں زاہد نے ستمبر 2026 میں مہنگائی کی شرح 10.3 فیصد رہنے پر تشویش کا اظہار کیا، اگرچہ اگست کے مقابلے میں اس میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، پٹرول، گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافے نے عوام اور صنعت دونوں کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے حکومت سے توانائی اصلاحات تیز کرنے، اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ کاری بہتر بنانے اور وفاقی و صوبائی اداروں کے مؤثر تعاون پر زور دیا۔