بارش کے باعث کرکٹ میچز پھر منسوخ، سری لنکا اور بنگلہ دیش اگلے مرحلے میں پہنچ گئے
- سری لنکا کا نیپال جبکہ بنگلہ دیش کا ملائیشیا سے مقابلہ شیڈول تھا
بارش کے باعث ایشین گیمز میں کرکٹ کا سلسلہ منگل کو بھی متاثر رہا، سری لنکا اور بنگلہ دیش بغیر گیند کھیلے کرکٹ ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
سری لنکا کا نیپال جبکہ بنگلہ دیش کا ملائیشیا سے کوارٹر فائنل مقابلہ شیڈول تھا، تاہم ناگویا کے مضافات میں واقع کروگی اسپورٹس پارک میں مسلسل دوسرے روز کھیل ممکن نہ ہوسکا۔
بارش کے باعث میچز منسوخ ہونے پر بہتر رینکنگ رکھنے والی سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو خودکار طور پر سیمی فائنل میں جگہ مل گئی۔
کھیلوں کے اسپورٹس ڈائریکٹر جیرڈ شیرر نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کی محنت سے بیس بال گراؤنڈ کو کرکٹ وینیو میں تبدیل کیا گیا، لیکن بارش کے باعث کھیل نہیں ہوسکا۔
سری لنکا کا سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت جبکہ بنگلہ دیش کا پاکستان سے جمعرات کو مقابلہ ہوگا۔
بنگلہ دیش کو نجمل حسین شانتو کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، جو بخار اور انفیکشن کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
شیرر نے امید ظاہر کی کہ بدھ کو موسم بہتر ہوگا اور دھوپ سے میدان خشک کرنے میں مدد ملے گی۔