✕
پاکستان

پاکستان انویسٹر سمٹ، این آئی سی کراچی کے اسٹارٹ اپس کی معاونت بڑھانے کیلئے 4 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

  • این آئی سی کراچی انویسٹر سمٹ میں اہم شراکت داریاں طے، پاکستان کے جدت اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو فروغ حاصل
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان انویسٹر سمٹ 2026 کے موقع پر نیشنل انکیوبیشن سینٹر کراچی (این آئی سی کراچی) نے کاروباری اور صنعتی تنظیموں کے ساتھ چار مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں، جن کا مقصد اسٹارٹ اپس کے لیے رہنمائی، صنعتی نیٹ ورکس، تکنیکی وسائل اور کاروباری تعلیم کے مواقع تک رسائی کو وسعت دینا ہے۔

یہ معاہدے صالح کامل سسٹین ایبل انٹرپرینیورشپ اینڈ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن، کراچی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کورنگی، یو کے پاکستان ٹیک فورم اور کامن ویلتھ انٹرپرینیورز فورم کے ساتھ طے پائے۔

مفاہمتی یادداشتوں پر پاکستان انویسٹر سمٹ کے 13 ویں ایڈیشن کے موقع پر دستخط کیے گئے۔ این آئی سی کراچی کی میزبانی میں منعقدہ دو روزہ سمٹ میں اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں، وینچر کیپیٹلسٹس، کاروباری رہنماؤں، صنعتی نمائندوں اور قومی و بین الاقوامی ایکو سسٹم کے ماہرین نے شرکت کی، جس کا مقصد پاکستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا تھا۔

سمٹ نے اسٹارٹ اپس کو سرمایہ کاروں کے سامنے اپنے کاروبار پیش کرنے، ماہرین سے رائے حاصل کرنے، فنڈنگ کے امکانات تلاش کرنے اور ممکنہ سرمایہ کاروں و اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ روابط قائم کرنے کے مواقع فراہم کیے۔

پہلے روز این آئی سی کراچی کے کوہورٹ 14 اور کوہورٹ 15 کے اسٹارٹ اپس نے پچنگ سیشنز میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سرمایہ کاروں کے پینل کے سامنے اپنے کاروباری آئیڈیاز اور قابلِ توسیع حل پیش کیے۔ پروگرام میں ون آن ون انویسٹر آفس آورز بھی شامل تھے، جس کے دوران کاروباری افراد نے سرمایہ کاروں کے ساتھ تفصیلی گفتگو، ممکنہ معاہدوں اور خصوصی رہنمائی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

سمٹ کا دوسرا روز آئی ٹی سی این ایشیا میں منعقد ہوا، جہاں قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی رہنماؤں، کاروباری نمائندوں اور ایکو سسٹم سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پروگرام میں انویسٹر فائر سائیڈ چیٹ بھی شامل تھی، جس میں تجربہ کار سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماؤں کے نقطہ نظر سے پاکستان کے سرمایہ کاری کے منظرنامے کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے بعد اسٹارٹ اپ شوکیس میں چھ اسٹارٹ اپس نے اپنے کاروباری ماڈلز، ترقی کے امکانات اور مارکیٹ کے مواقع پیش کیے۔

سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے این آئی سی کراچی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سید اظفر حسین نے کہا کہ یہ اقدام ایک مربوط سرمایہ کاری ایکو سسٹم کی تشکیل کے لیے مرکز کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انویسٹر سمٹ ملک میں مضبوط اور مربوط سرمایہ کاری کے ایکو سسٹم کی تشکیل کے لیے این آئی سی کراچی کے عزم کا اظہار ہے۔ اسٹارٹ اپس اور سرمایہ کاروں کے درمیان رابطے کے منظم مواقع پیدا کرکے نہ صرف سرمائے تک رسائی میں سہولت فراہم کی جارہی ہے بلکہ علم کے تبادلے، رہنمائی اور طویل مدتی شراکت داریوں کو بھی فروغ دیا جارہا ہے۔

اظفر حسین نے مزید کہا کہ رواں سال سمٹ میں اسٹارٹ اپس کے معیار اور سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کے جدت طرازی کے ایکو سسٹم میں مسلسل ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔

سمٹ میں ورلڈ بزنس اینجلز انویسٹمنٹ فورم کے چیئرمین بائبارس التونتاش، فِن سَرو ایکسپرٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر اریئل وولانو،ایس کے ایس ای ای ڈی کے ڈاکٹر وائل الدیسوقی بدہ، ٹریکنگ کے چیف ڈیجیٹل آفیسر فیصل غوری اور سسکو پاکستان کے کنٹری ہیڈ کاشف الحق سمیت دیگر مقررین نے شرکت کی۔

ان کی شرکت سے سرمایہ کاری، کاروبار، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی اور کاروباری ترقی سے متعلق مباحث میں قومی اور بین الاقوامی نقطہ نظر شامل ہوئے۔

سمٹ کا اختتام سیکریٹری آئی ٹی گلگت بلتستان ضمیر عباس کے خطاب سے ہوا، جنہوں نے پاکستان کی ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت، صنعت، سرمایہ کاروں، تعلیمی اداروں اور کاروباری افراد کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستان انویسٹر سمٹ 2026 نے اسٹارٹ اپس اور سرمایہ کاروں کو ابتدائی اور ترقی کے مراحل میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے، اسٹریٹجک شراکت داریاں قائم کرنے اور مقامی جدت طرازی کو قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کے نیٹ ورکس سے منسلک کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔

این آئی سی کراچی 2018 میں کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ اِگنائٹ کے زیرِ فنڈ انکیوبیشن سینٹر کے طور پر ایل ایم کے ٹی اور لکی لینڈ مارک پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے اور اوربٹ وینچرز کے اشتراک سے چلایا جاتا ہے۔

مرکز کے مطابق قیام سے اب تک 440 سے زائد اسٹارٹ اپس کی انکیوبیشن کی جاچکی ہے، جبکہ اس کے پورٹ فولیو میں شامل کاروباری منصوبوں نے 13 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کی اور 13 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔

این آئی سی کراچی مفت انکیوبیشن، رہنمائی، قانونی و مالی مشاورت، سرمایہ کاروں تک رسائی اور فن ٹیک، صنعتی آٹومیشن اور میڈیا کے شعبوں میں خصوصی لیبارٹریز کی سہولت فراہم کرتا ہے۔