ہیری کین کی نئی اننگز کی تیاری، فٹبال کے بعد این ایف ایل میں کِکر بننے پر غور
- ہیری کین اس سے قبل گالف اور امریکی فٹبال میں کیریئر بنانے میں دلچسپی کا اظہار کرچکے ہیں
انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے کہا ہے کہ وہ اپنے فٹبال کیریئر کے بعد این ایف ایل میں کِکر کے طور پر کھیلنے کے امکان پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں، تاہم امریکا منتقل ہونے کا فیصلہ ابھی کئی سال دور ہے۔
33 سالہ کین اس سے قبل گالف اور امریکی فٹبال میں کیریئر بنانے میں دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں لیکن اب وہ این ایف ایل میں شمولیت کو زیادہ حقیقت پسندانہ سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق پنالٹی کک لینے کا تجربہ انہیں این ایف ایل کِکر بننے میں مدد دے سکتا ہے، کیونکہ دونوں کھیلوں میں دباؤ اور تکنیک کسی حد تک ملتی جلتی ہے۔
کین نے کہا کہ اگر وہ امریکی فٹبال میں جانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس کے لیے سنجیدہ تیاری کریں گے اور ممکنہ طور پر چھ ماہ سے ایک سال تک تربیت حاصل کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) میں کھیلنے سے دونوں کھیلوں کو یکجا کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
دریں اثنا کین کا فوری مستقبل فٹبال سے ہی وابستہ ہے۔ بائرن میونخ کے ساتھ نئے معاہدے پر بات چیت جاری ہے اور ان کے مطابق جلد معاہدے کا اعلان متوقع ہے۔