✕
پاکستان

پاکستان، روس اور عمان کی مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشقیں شروع

  • مشترکہ مشقوں میں پاک فوج، روسی فوج اور شاہی فوجِ عمان کے دستے انسدادِ دہشت گردی کی تربیت اور آپریشنل تجربات کا تبادلہ کریں گے
شائع اپ ڈیٹ

پاک فوج نے انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیتوں اور باہمی عملی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے روس اور عمان کے ساتھ دو مشترکہ فوجی مشقیں شروع کردی ہیں۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے منگل کو بتایا کہ یہ مشقیں دو ہفتوں تک جاری رہیں گی۔

پاکستان اور روس کی مشترکہ مشق ’’دروژبا-IX‘‘ کے نویں ایڈیشن کا آغاز چیرات میں، جبکہ پاکستان اور عمان کی مشترکہ مشق ’’وشاق الجبل-II (ماؤنٹین لنکس-II)‘‘ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں مشقوں میں پاک فوج، روسی فوج اور شاہی فوجِ عمان کے دستے شریک ہیں۔

مشقوں کے دوران شریک افواج آپریشنل تجربات کا تبادلہ کریں گی، انسدادِ دہشت گردی کی مشقوں اور طریقۂ کار کو مزید بہتر بنائیں گی جبکہ باہمی عملی تعاون کی صلاحیت بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ان مشترکہ مشقوں سے فوجی دستوں کو بہترین عملی طریقۂ کار کے تبادلے، جنگی صلاحیتیں نکھارنے اور حربی مہارت میں اضافے کا موقع بھی ملے گا۔

مشترکہ تربیتی مشقوں سے پاکستان اور روس، جبکہ پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔