ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مضبوط
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.21 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.21 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو مقامی کرنسی 277.22 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں منگل کوجاپانی ین مضبوط ڈالر کے مقابلے میں دباؤ کا شکار رہا، تاجروں کا خیال ہے کہ جاپانی پالیسی ساز عالمی مرکزی بینکوں کی جانب سے سخت مالیاتی پالیسی کی طرف بڑھتے رجحان کے ساتھ قدم ملانے میں مشکلات کا شکار ہیں جس کے باعث جاپان اور بڑی معیشتوں کے درمیان شرح سود کا فرق برقرار ہے۔
جاپان میں تعطیل اور ممکنہ کرنسی مارکیٹ مداخلت کے خدشے کے باعث ین میں اتار چڑھائو محدود رہا۔
پیر کو معمولی کمی کے بعد منگل کی صبح ین 157.33 فی ڈالر پر ٹریڈ کررہا تھا جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مجموعی مالیاتی منڈیوں میں قدرے بہتری دیکھی گئی۔
دیگر اہم کرنسیوں میں یورو 1.1467 ڈالر پر تقریباً مستحکم رہا۔ دریں اثنا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرپٹو کرنسیوں میں تیزی رہی اور بٹ کوائن آٹھ ماہ کی بلند ترین سطح 87 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگیا۔
مارکیٹ میں اکتوبر میں بینک آف جاپان کی جانب سے قلیل مدتی شرح سود 1.5 فیصد تک بڑھانے کے امکانات تقریباً 30 فیصد جبکہ فیڈ کی جانب سے شرح سود میں 25 بیسس پوائنٹس اضافے کے امکانات تقریباً 55 فیصد ہیں۔
آسٹریلوی ڈالر 0.7120 ڈالر جبکہ پاؤنڈ 1.3372 ڈالر کے قریب رہا۔ نیوزی لینڈ ڈالر بھی 0.5708 ڈالر کی کئی ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہا۔