✕

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو ہدایت کی ہے کہ صوبوں کو ان کی ضروریات کے مطابق مطلوبہ مقدار کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کو بھی ہدایت کی کہ طے شدہ مقدار کے مطابق اپنے ذخائر سے صوبوں کو گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے گندم کی درآمد سے متعلق قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے گندم کی درآمد کے عمل کا جائزہ لیا جو گندم کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

اجلاس میں قومی غذائی تحفظ اور اقتصادی امور کے وزرا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر، قومی غذائی تحفظ اور تجارت کے سیکریٹریز، پنجاب اور سندھ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔