انٹربینک مارکیٹ: ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مضبوط
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.30 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.30 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 277.31 روپے پر بند ہوئی تھی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکی ڈالر منگل کو معمولی اضافے کے ساتھ تقریباً دو ہفتے کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا کیونکہ خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے ٹریژری ییلڈز میں اضافہ ہوا اور اس توقع کو تقویت ملی کہ امریکی فیڈرل ریزرو اس ہفتے شرح سود میں اضافہ کرے گا۔
اسے اسٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی کے بعد خطرے مول لینے کے رجحان میں کمی سے بھی سہارا ملا جبکہ مصنوعی ذہانت سے متعلق حصص دباؤ میں رہے، کیونکہ صنعت کے رہنماؤں نے انسانیت کو لاحق ممکنہ خطرات پر قابو پانے کے لیے اے آئی کی ترقی کی رفتار سست کرنے پر زور دیا۔
مارکیٹ میں اب بدھ کو فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کو تقریباً یقینی سمجھا جا رہا ہے۔ سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق شرح سود میں اضافے کے امکانات تقریباً 93 فیصد ہیں، جو تین سال سے زائد عرصے میں پہلی بار ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قلیل مدت میں ڈالر کو سپورٹ ملنے کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے، تاہم شرح سود میں اضافے کی توقع پہلے ہی بڑی حد تک مارکیٹ میں شامل ہوچکی ہے، اس لیے ڈالر میں مزید تیزی کے لیے فیڈرل ریزرو کو مزید سخت مالیاتی پالیسی اختیار کرنے کا عندیہ دینا ہوگا۔
ڈالر انڈیکس آخری بار 99.55 پر ریکارڈ کیا گیا۔
یورو ڈالر کے مقابلے میں معمولی کمزور ہوکر 1.1538 ڈالر پر آگیا جبکہ برطانوی پاؤنڈ بھی کمزوری کے ساتھ 1.3494 ڈالر پر آگیا۔
جاپانی ین بھی سات ماہ کی بلند ترین سطح سے نیچے آگیا اور تقریباً 0.2 فیصد کمی کے بعد 154.72 فی ڈالر پر آگیا جب کہ جمعہ کو بینک آف جاپان کی جانب سے شرح سود میں اضافے کی توقع ہے۔