✕

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پیر کو کہا کہ برمنگھم میں گزشتہ ہفتے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران سست اوور ریٹ پر پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 11 پوائنٹس کم کردیے گئے جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کی میچ فیس میں 50 فیصد کٹوتی کی گئی۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ مہمان ٹیم اپنے ہدف سے 11 اوورز پیچھے رہی، جبکہ انگلینڈ نے یہ میچ 8 وکٹوں سے جیت کر سیریز 3-0 سے کلین سویپ کرلی۔

پوائنٹس میں کٹوتی کے بعد پاکستان 9 میچز میں صرف 5 پوائنٹس کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔

آسٹریلیا نے موجودہ سائیکل میں اپنے 10 میں سے 8 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، جبکہ دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر ہے۔

پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں جون 2027 میں لندن کے اوول گراؤنڈ میں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان کے اگلے ٹیسٹ میچز نومبر میں سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ہوم سیریز میں ہوں گے۔