فلپائن فیری حادثہ، متاثرین کی شناخت میں کئی ماہ لگنے کا امکان ہے، حکام
- فلپائن نیشنل پولیس کے فرانزک ماہر رچرڈ ایلن منگالیپ نے بتایا کہ فیری کے مختلف حصوں سے کچھ باقیات ایک ساتھ جبکہ دیگر مختلف مقامات سے ملی
فلپائن میں فیری میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کی شناخت میں کئی ہفتے یا ماہ لگ سکتے ہیں۔ فرانزک ماہرین نے جل کر مسخ ہونے والی لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کے نمونے جمع کرکے ان کا موازنہ شروع کردیا ہے، جبکہ تفتیش کار آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فلپائن نیشنل پولیس کے فرانزک ماہر رچرڈ ایلن منگالیپ نے بتایا کہ فیری کے مختلف حصوں سے کچھ باقیات ایک ساتھ جبکہ دیگر مختلف مقامات سے ملیں۔ فیری میں 130 سے زائد افراد سوار تھے اور یہ منیلا سے پالاون صوبے کے کورون شہر جارہی تھی۔
ریسکیو اہلکاروں نے ایک روز قبل مزید 41 لاشیں اور انسانی باقیات برآمد کیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 76 ہوگئی، جبکہ 13 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ حکام کے مطابق جہاز کے زیر آب حصوں کی مکمل تلاشی ابھی باقی ہے، اس لیے مزید لاشیں ملنے کا امکان ہے۔
تفتیش کاروں کے مطابق آگ لگنے کی اصل جگہ اور وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ میری ٹائم انڈسٹری اتھارٹی کے مطابق عینی شاہدین نے آگ لگنے سے کچھ دیر قبل جہاز کے اندر دو دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ فیری کی مالک کمپنی نے تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔