عمرے پر جانے والوں کے لیے نادرا کا ویکسینیشن ثبوت لازمی قرار
- 14 ستمبر 2026 کے بعد نادرا کا ویکسینیشن ثبوت موجود نہ ہونے کی صورت میں عمرے کیلئے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی
ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ، بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سے عمرہ کے لیے روانہ ہونے والوں کے لیے بین الاقوامی سفر کے دوران نادرا سے مربوط ڈیجیٹل ویکسینیشن ثبوت ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔
ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 7 ستمبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ شرط پولیو، میننجائٹس، زرد بخار اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن پر لاگو ہوگی۔
محکمے نے کہا ہے کہ 14 ستمبر 2026 کے بعد نادرا سے مربوط ویکسینیشن ثبوت کے بغیر مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایئرلائنز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ٹریول ایجنٹس کے ذریعے عمرہ زائرین کو اس نئی شرط سے آگاہ کریں۔
زائرین مجاز ویکسینیشن مراکز سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ بین الاقوامی روانگی کے لاؤنجز میں ویکسینیشن اور آن لائن اندراج کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
ایئرپورٹ پر ویکسین لگوانے کے خواہش مند مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز سے کم از کم چھ گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 14 ستمبر کے بعد کسی بھی دوسرے ویکسینیشن کارڈ کو قابلِ قبول نہیں سمجھا جائے گا۔