✕

عالمی نمبر ایک نیلی کورڈا کو بالآخر ہفتے کو سولیہم کپ کے فورسمز میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایک سنسنی خیز سیشن کے بعد یورپ نے امریکا کے خلاف 5 کے مقابلے میں 7 پوائنٹس کی قیمتی برتری حاصل کرلی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 4-4 سے برابر تھا، ایسے میں امریکی کپتان اینجلا اسٹینفورڈ نے اپنی اسٹار کھلاڑی نیلی کورڈا کو ایلیسن کورپوز کے ساتھ میدان میں اتارا جنہوں نے مل کر مسلسل پانچ فتوحات کا ریکارڈ قائم کر رکھا تھا۔

ان کا مقابلہ سویڈن کی جوڑی ماجا اسٹارک اور لین گرانٹ سے تھا اور جمعے کی طرح امریکی فیورٹ کھلاڑیوں نے ایک بار پھر غیر یقینی آغاز کیا اور پہلا ہول ہار گئے۔

تاہم اس بار فوری طور پر جوابی کارروائی نہ ہوسکی اور ساتویں ہول پر درمیانی فاصلے کی پٹ میں ناکامی کے بعد ناقابلِ شکست امریکی جوڑی دو ہول کے خسارے میں چلی گئی۔

اس کے بعد اسٹارک نے سیشن کا شاندار لمحہ پیش کرتے ہوئے آٹھویں ہول پر گرین سے کافی دور سے گیند کو چپ اِن کرکے ایگل مکمل کیا اور تین ہول کی برتری حاصل کرلی۔

نویں ہول پر کورڈا کی پٹ ہول کے کنارے سے ٹکرا کر باہر نکل گئی، جس کے باعث امریکی جوڑی کے لیے واپسی کی راہ انتہائی مشکل ہوگئی اور ٹرن پر وہ چار ہول کے خسارے میں تھیں۔

تاہم امریکی جوڑی اپنی ناقابلِ شکست کارکردگی کا ریکارڈ آسانی سے ختم ہونے دینے کے لیے تیار نہیں تھی اور بیک نائن کے ابتدائی دو ہول جیت کر خسارہ نصف کردیا۔

یورپی جوڑی نے تاہم دباؤ برقرار رکھا اور 16ویں ہول پر 3&2 سے یادگار فتح حاصل کرلی۔ اسٹارک نے درمیانے فاصلے کی پٹ ہول میں ڈال کر فتح یقینی بنائی جس پر پرجوش تماشائیوں نے زبردست جشن منایا۔