جوش ٹنگ کی عمدہ بالنگ، انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ پر گرفت مضبوط کر لی
- جوش ٹنگ 42 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر نمایاں، اولی روبنسن کی 15 رنز پر 3 اور جوفرا آرچر کی 25 رنز پر 3 وکٹیں
انگلینڈ نے ایجبسٹن میں تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی کمزور بیٹنگ ایک بار پھر تباہ کرتے ہوئے سیریز میں وائٹ واش کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔
سیریز میں 200 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کے چار رکنی فاسٹ بولنگ اٹیک نے ایک بار پھر تہس نہس کردیا اور پوری ٹیم صرف 33.5 اوورز میں 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جوش ٹونگ نے 42 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرکے عمدہ کارکردگی دکھائی، جبکہ اولی رابنسن نے 15 رنز دے کر 3 اور جوفرا آرچر نے 25 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔
ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کیریئر کا شاندار آغاز کرتے ہوئے چوتھی گیند پر جو روٹ کی اہم وکٹ حاصل کی، تاہم ایمیلیو گے اور ہیری بروک کی سنچری شراکت نے انگلینڈ کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے اور اسے پاکستان پر 23 رنز کی برتری حاصل تھی۔
21 سالہ رضا اللہ مشوانی، وکٹ کیپر غازی غوری اور محمد عمران کے ساتھ پاکستان ٹیم میں شامل تین نئے کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔ لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد 7 کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجے جانے سے پاکستانی ٹیم افراتفری کا شکار ہوگئی تھی، جبکہ کوچ سرفراز احمد اور ان کے معاون عمر گل کو بھی برطرف کردیا گیا۔
جوش ٹونگ نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی ناقابلِ یقین رہی۔ ان کے مطابق پچ بیٹنگ کے لیے اچھی دکھائی دے رہی تھی اور ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنا بولرز کے لیے دباؤ کا باعث ہوسکتا تھا، تاہم چاروں بولرز نے بہترین کارکردگی دکھائی۔