✕
کاروبار اور معیشت

راست سے متعلق سوشل میڈیا رپورٹس گمراہ کن، اسٹیٹ بینک

  • ایف اے ٹی ایف کی رپورٹ میں راست کو منی لانڈرنگ کا ذریعہ قرار نہیں دیا گیا
شائع اپ ڈیٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے راست سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی گمراہ کن رپورٹس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی رپورٹ میں راست کو منی لانڈرنگ کا ذریعہ قرار نہیں دیا گیا اور نہ ہی راست کے ادائیگی کے نظام کی سالمیت پر کوئی مخصوص خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ایف اے ٹی ایف رپورٹ میں مختلف ممالک میں غیر قانونی بینکاری اور حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس کی جانب سے قانونی بینکاری و ادائیگی کے ذرائع کے ممکنہ غلط استعمال کا ذکر کیا گیا ہے جبکہ راست کا تذکرہ صرف قانونی ملکی ادائیگی کے چینل کے طور پر کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ راست صرف پاکستان کے اندر ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال ہوتا ہے اور فی الحال سرحد پار رقوم کی منتقلی کی سہولت فراہم نہیں کرتا۔

مرکزی بینک نے کہا کہ پاکستان کے ادائیگی نظام کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عالمی معیارات کے مطابق حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔