نارووال میں مندر کو منہدم نہیں کیا، موسلا دھار بارش سے نقصان پہنچا، دفترِ خارجہ
- پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد، سیاسی مقاصد پر مبنی دعووں کو مسترد کر دیا
پاکستان نے نارووال کے اڈہ سراج میں ہندو مندر کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد اور سیاسی مقاصد پر مبنی دعووں کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹے بھارتی پروپیگنڈے کے برعکس، اس مندر کی عمارت رواں سال اکیس جولائی کو شدید بارشوں کے باعث متاثر ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکام بارش سے ہونے والے نقصان کا پہلے ہی جائزہ لے چکے ہیں اور عمارت کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
اس لیے بھارت کی جانب سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دنیا اقلیتوں کے خلاف ہندتوا نظریے کے بطورہتھیار استعمال سے بخوبی آگاہ ہے اور مسلمانوں، سکھوں اور مسیحی برادریوں پر ہونے والے مظالم پر بھارتی قیادت کا سخت احتساب ہونا چاہئے۔
دفترِ خارجہ کا یہ بیان بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کے بیان کے ردعمل میں سامنے آیا جنہوں نے نارووال میں ایک تاریخی ہندو مندر کی مبینہ مسماری سے متعلق گمراہ کن اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
جیسوال نے کہا تھا کہ ہمیں پاکستان کے نارووال کے گاؤں سراج میں ایک تاریخی ہندو مندر کی مسماری کی تشویشناک اطلاعات پر گہری تشویش ہے۔